سال 2017: ہالی وڈ اور لالی وڈ پر ایک نظر

— فوٹو:فائل

ہالی وڈ ،بالی وڈ اور لالی وڈ میں سال 2017 کامیابیوں سے زیادہ تنازعات کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا کیوں کہ ہالی وڈ میں حسیناؤں پر کئی سالوں سے ’گندی نظریں‘ رکھنے والے بڑے پروڈیوسر ’ہار وی وینسٹسن‘ کا اسکینڈل سب پربازی لے گیا۔

 بالی وڈ میں ’پدماوتی‘ کا جھگڑا اب بھی جاری ہے  اور لالی وڈ میں ’ورنہ‘ کے سنسر مسائل اس سال کی سب سے بڑی خبر بنے۔

سلمان خان کی ’ٹیوب لائٹ‘ بہت بری طرح سے باکس آفس پر فیوز ہوئی، ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے یہاں، ’باہو بلی2‘ نے بھارت میں اور ’دنگل‘ نے چین میں باکس آفس کے نئے ریکارڈز بنائے۔ 

یو ٹیوب پر پہلے تین ارب کے ’ہٹس‘ ہوئے، پھر 4 ارب کا ریکارڈ بھی ٹوٹا اور پانچ ارب کا ریکارڈ 2018میں ٹوٹنا طے ہے۔ 

پاکستان کی سب سے مقبول ویڈیو’تاجدار حرم‘ نے بھی 10 کروڑ دوسری طرف بالی وڈ کی سب سے مقبول ویڈیو ’نشے سی چڑھ گئی‘ نے30کروڑ ہٹس کا ریکارڈ بنایا۔

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر

’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اس سال پاکستان کی سب سے کامیاب ترین فلم رہی اور اس فلم نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں قریبا 50کروڑ کا بزنس کیا، اسی فلم کے ٹریلرنے 50 لاکھ’ہٹس‘ کے ساتھ یو ٹیوب پر سب سے مقبول پاکستانی فلم کے ٹریلر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

— فوٹو: تشہیری پوسٹر

اسی سال پاکستان کی تاریخ کی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک ’یلغار‘ ریلیز ہوئی اس فلم کے پروڈیوسر کے مطابق فلم بنانے میں 23 کروڑ روپوں کی لاگت آئی لیکن اس فلم کا بزنس دنیا بھر میں 14 کروڑ روپوں سے بھی کم ہوا۔

فلم میں شان، بلال اشرف، عدنان صدیقی اور کئی ستارے تھے اور فلم کے ولن کوئی اور نہیں ہمایوں سعید تھے۔

فہد مصطفی، جاوید شیخ اور نیئر اعجاز کی ’نامعلوم افراد 2‘ نے بھی اس سال انٹری دی اور سال کی دوسری کامیاب فلم کا اعزاز حاصل کیا۔

دانش تیمور، جاوید شیخ اور ثناء جاوید کی ’مہرالنساء وی لب یو‘ سال کی تیسری کامیاب فلم بنی اور اس سال سب سے زیادہ خبروں میں رہنے والی فلم کا نام ’ورنہ‘  تھا۔

اس فلم میں ماہرہ خان ہیرو اور ہدایت کار شعیب منصور تھے جب کہ فلم کا موضوع بولڈ تھا سینسر مسائل بھی ہوئے پھر بھی فلم اوسط کمائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر

باقی اس سال ’ساون‘، ’چلے تھے ساتھ‘، ’چین آئے نہ‘، ’تھوڑا جی لے‘، ’بالو ماہی‘، ’جیو سر اٹھا کر‘، ’وسل‘ اور ’راستہ‘ بھی ریلیز ہوئیں۔

’شور شرابہ‘، ’آزادی‘ اور ’تم ہی تو ہو‘ یہ تین وہ فلمیں ہیں جو پورا سال ریلیز کیلئے ٹریلر دکھاتی رہی لیکن ریلیز نہیں ہوسکی۔

مہنگے بجٹ کی ’پروجیکٹ غازی‘ جس میں ہمایوں سعید، شہریار منور اور سائرہ شہروز تھے عین پریمیئر کے بعد ریلیز کیلئے روک دی گئی۔

اس سال سائرہ شہروز نے فلم ’چلے تھے ساتھ‘، شہروز سبزواری نے فلم ’چین آئے نہ‘ سے بطور ہیرو ہیروئن اپنے کیریز کا آغاز کیا لیکن اپنے پورے خاندان میں سائرہ کی ساس، شہروز کی امی، بہروز کی اہلیہ، جاوید شیخ اور سلیم شیخ کی بہن اور مومل اور شہزاد شیخ کی پھپھو سفینہ بہروز بازی لے گئیں۔

بہروز سبزواری، سفینہ سبزواری، جاوید شیخ اور مومل شیخ ایک ساتھ — فوٹو:ٹوئٹر

وہ اپنے خاندان میں سے سب سے کامیاب فلمی ڈیبیو کرنے والی اداکارہ ہیں، اسی سال ثنا جاوید نے ’مہرالنساء وی لب یو‘ سے سحرش خان نے ’چین آئے نہ‘ سے اور ثناء بُچہ نے فلم ’یلغار‘ سے فلموں پر ٹرائی ماری لیکن تینوں بری طرح ناکام ہوئی۔

ثناجاوید اسکرین پر بھلی لگی لیکن باقی دو دیکھنے میں بھی متاثر نہیں کرسکی۔

اس سال کے بہترین اداکاروں میں ’نامعلوم افراد‘ کے جاوید شیخ، ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ سے سہیل احمد، ’ورنہ‘ سے ضرار خان اور رشید ناز نے سب کے دل جیت لیے۔ 

خواتین میں مہوش حیات اور ماہرہ خان کا ایوارڈز میں ٹاکرا ہوگا لیکن نوید شہزاد نے ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں دادی کا رول بخوبی نبھایا اور اس سال کا سب سے مشہور مکالمہ ’ہیلپ می دردانہ‘ رہا۔

ساحر لودھی نے خود ہدایتکار بن کر اپنے لیئے ہیرو بننے کا ’راستہ‘ پکڑا لیکن فلم اور نئی ہیروئن سب ناکام رہے۔

ساحر لودھی کی فلم راستہ کا تشہیری پوسٹر — فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اور ’نامعلوم افراد 2‘ کے ٹریلر صرف اس سال کے ہی نہیں پاکستانی فلمی تاریخ کے بہترین ٹریلر رہے اور آئٹم سانگ ’کیف و سرور‘ یو ٹیوب پر احمد بٹ کے ’24/7لک ہلنا‘ سے بری طرح ہارا۔

اس سال پاکستانی فلمی میوزک کا معیار نہ صرف اوپر گیا بلکہ بالی وڈ سے کئی سطح پر بہتر رہا، فلم ’راستہ‘، ’چین آئے نہ‘ اور ’بالو ماہی‘ کے گانے فلمیں فلاپ ہونے کے باوجود بھی مقبول ہوئے جب کہ ’چلے تھے ساتھ‘ اور ’ورنہ‘ کا میوزک بالکل ہٹ کر لیکن بہت اچھا تھا۔

’مہرالنساء وی لب یو‘ کے گانوں نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے، ’نامعلوم افراد2‘ کے گانوں میں انفرادیت تھی ، ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے گانے بھی زبردست تھے لیکن سال کے آخر میں شان کی ’ارتھ 2‘ نے توکمال ہی کردیا۔

ایک ایسے وقت میں جب بالی وڈ ہر فلم میں ری مکس ٹھونس رہا ہے ہماری فلم انڈسٹری میں میوزک نے پھر جنم لیا ہے، اس کیلئے ساحر علی بھگا، شیراز اپل، شانی ارشد، زیب بنگش اور راحت فتح علی خان خاص طور پر داد کے مستحق ہیں۔

سنجیدہ مسائل پر بننے والی ’ساون‘ اس سال پاکستان کی طرف سے آسکر میں بھیجنے کیلئے منتخب ہوئی۔ یہ فلم آسکر کی دوڑ میں کہاں تک فنش کرے گی اس کا نتیجہ بھی اس سال سب سے سامنے آجائے گا۔ 

سال2017 کا اختتام پاکستان میں بڑی فلموں سے ہوگا کیونکہ شان کی ’ارتھ‘، بلال اشرف کی ’رنگ ریزا‘ اور احسن خان اور نیلم منیر کی ’چھپن چھپائی‘ دسمبر کے آخری دنوں میں ریلیز ہوئیں ہیں۔

ہالی وڈ 

ہالی وڈ میں ا س سال بھی فینٹسی، اینمیٹڈ، ایکشن اور سپر ہیروز کی فلموں کا راج رہا، دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس اس سال فلم ’بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘ نے کیا اور اس فلم نے 130ارب پاکستانی روپوں کا بزنس کیا۔

فلم ’بیوٹی اینڈ سی بیسٹ‘ کا تشہیری پوسٹر— فوٹو: 

ایکشن فلم ’دی فاسٹ اینڈ دی فیوریس8‘ اور اینیمیٹیڈ ’ڈسپیکبل می تھری‘ نے بھی دنیا بھرمیں 100 ارب کی کمائی کی، سپر ہیروز کی ’دی تھورتھری‘، ’اسپائیڈر مین ہوم کمنگ‘، ’گارڈیئن آف دی گلیکسی‘ اور ’ونڈر وومن‘ بھی ٹاپ ٹین فلموں میں شامل رہیں، ان تمام سپر ہیروز کی فلموں نے دنیا بھر میں الگ الگ 80 ارب روپوں سے زیادہ کی کمائی کی۔

سپر ہیروز کی بارات والی جس میں ’بیٹ مینِ‘،  ’سپر مین‘ اور ’ونڈر وومن‘ سمیت کئی سپر ہیروز تھے باکس آفس پر دھمال نہیں مچاسکی اور اس سال سپر ہیروز کی فلموں میں پیچھے رہی۔

ٹام کروز کی ’دی ممی‘ مارک والبرگ کی ’ٹرانسفارمرز دی لاسٹ نائٹ‘ جانی ڈیپ کی ’پائرئٹس آف دی کیریبئن فائیو‘ اور ون ڈیز ل کی ’ٹرپل ایکس‘ نے شمالی امریکا میں مایوس کن بزن کیا لیکن ان فلموں کو باقی دنیا کے بزنس نے مکمل فلاپ ہونے سے بچالیا۔

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر

باقی دنیا کا بزنس کتنا اہم ہے اس بات کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ 125 ارب کمانے والی ’فاسٹ اینڈ دی فیوریوس‘ نے اپنی کمائی میں سے صرف 23 ارب امریکا اور کینیڈا سے اور باقی دنیا سے 101 ارب سے زائد سمیٹے ہیں۔

ہالی وڈ کی ٹاپ ٹین فلموں میں ’ونڈر وومن‘ وہ واحد فلم ہے جس نے 80 ارب سے زیادہ کی کمائی میں امریکا اور دنیا بھر میں برابر برابر کا بزنس کیا، اس سال ’ہیو جیکمین‘ کی ایکس مین ولورائن سیریز کی ”لوگن“ کو بھی دنیا بھر میں پسند کیا گیا اسی طرح ڈراؤنی فلم ’اِٹ‘ نے بھی دنیا بھر میں اپنی دہشت پھیلائی۔

دوسری طرف چینی فلم ’وولف واریئر2‘ نے اپنی کمائی میں سے 80 ارب صرف چین سے اور باقی پوری دنیا سے صرف 5 ارب کما کر بڑی بڑی ہالی وڈ فلموں کو ہرایا، ہالی وڈ کی ’ویلرین اینڈ دی سٹی اف تھاؤزنڈ‘، ’بلیڈ رنر2049‘، ’جیو اسٹورم‘ اور ’بے واچ‘ وہ بڑی فلمیں تھیں جو بڑے بجٹ کے باوجود باکس آفس پر ناکام ہوئیں۔

بالی وڈ اداکار دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا ایک ساتھ 

بالی وڈ کی دو حسینائیں دپیکا اور پریانکا ہالی وڈ کی بڑی فلموں میں نظر آئیں، دونوں میں بڑے اور سپر ہٹ ہیروز تھے لیکن دونوں کا جادو ہالی وڈ پر نہیں چلا، دپیکا کی ون ڈیزل کے ساتھ’ٹرپل ایکس‘ سپر ہٹ نہیں ہوئی تو پریانکا کو ’ڈیوائن جانسن‘ بھی ’بے واچ‘ میں ڈوبنے سے نہیں بچاسکا۔

بالی وڈ میں فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی پاکستانی حسینائیں

دوسری طرف پاکستانی چار حسیناؤں نے بالی وڈ میں اپنی دھاک بٹھادی اور اب دیکھتے ہیں ایوارڈز کی تقریبات میں انتہا پسندوں کی وجہ سے انھیں بہترین نئی اداکارہ کی کیٹگری میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔

ماہرہ خان فلم ’رئیس‘ میں شاہ رخ کی ہیروئن بنی جب کہ فلم نے سوکروڑ کا چھکا لگایا۔ صبا قمر کی عرفان خان کے ساتھ’ہندی میڈیم‘ کم بجٹ کے باوجود سپر ہٹ ہوئی۔

بالی وڈ میں کیریئر شروع کرنے والی پاکستانی اداکارائیں — فوٹو: فائل

سجل علی کی سری دیوی، اکشے کھنہ، نواز الدین اور عدنان صدیقی کے ساتھ’مُام‘ بھی دیکھنے والوں کو پسند آئی جب کہ مدیحہ امام نے منیشا کوئرالہ کے ساتھ ’آف بیٹ‘ فلم’ڈیئر مایا‘ میں بہترین کام کیا۔

مزید خبریں :