30 دسمبر ، 2017
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی اسماویہ اقبال آج اپنی زندگی کی نئی اننگ شروع کرنے جا رہی ہیں۔
اسماویہ کی رسمِ حنا کی تقریب گذشتہ روز دھوم دھام سے ہوئی، جہاں ان کی سہیلیوں نے ڈھول کی تھاپ پر خوب بھنگڑے ڈالے۔
اسماویہ اقبال روایتی پالکی میں سوار ہوکر اسٹیج تک آئیں، انہوں نے نہایت خوبصورت جوڑا زیب تن کر رکھا تھا۔
اسماویہ اقبال اور ان کے ہونے والے جیون ساتھی عبدالرحمان مزمل کا کہنا ہے کہ وہ بہت خوش ہیں۔
اسماویہ اقبال کی شادی پاکستان اے کھیلنے والے کرکٹر عبدالرحمان مذمل سے ہو رہی ہے، جن کا تعلق بھی ملتان ہی سے ہے۔
رسمِ حنا کی تقریب میں اسماویہ کی ساتھی کرکٹرز بھی شریک ہوئیں اور اپنی سہیلی کو مہندی لگائی اور مٹھائی بھی کھلائی۔
اسماویہ 2005ء سے کرکٹ کھیل رہی ہیں اور اب تک 92 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔
2 گولڈ میڈل جیتنے والی اسماویہ ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹرک کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی رکھتی ہیں۔
شادی کے بعد وہ اپنا کرکٹ کیریئر جاری رکھیں گی یا نہیں، اس حوالے سے اسماویہ نے ابھی کچھ نہیں سوچا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں رہیں گی۔