04 جنوری ، 2018
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے چین کا گوادر یا اس کے نواحی علاقوں میں فوجی اڈا بنانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ چین کا گوادر میں فوجی اڈا بنانے کا نہ کوئی منصوبہ ہے اور نہ ہی اس حوالے سے چین کی کوئی درخواست ملی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
امریکی امداد کی فراہمی پر تفصیلی ریکارڈ جاری ہوگا
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان کو برآمدات میں کمی کی خبریں بےبنیاد ہیں، پاک افغان تجارت میں حالیہ عرصے میں تیزی آئی ہے، پاک افغان تجارت کے لیے تمام تجارتی راستے ہفتے کے ساتوں دن کھلے رہتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغان حکومت اور عوام کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے امداد کی فراہمی پرتفصیلی ریکارڈ جاری کیا جائے گا اور وزرائے دفاع وخارجہ دونوں اس ضمن میں بات کرچکے ہیں۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے امریکی صدر کے ٹوئٹ پر امریکی سفیرکو طلب کیا تھا، زندہ قومیں چیلنجز کا مقابلہ خندہ پیشانی سے کرتی ہیں۔
بھارت میں کشمیر میں مظالم بند کرے
بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کارگل لداخ روڈ کھولنے سے متعلق بات چیت نہیں کرنا چاہتا۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کی طرف سے حضرت نظام الدین اولیاء کے عرس کے لیے پاکستانی زائرین کو ویزہ نہ دینا افسوسناک ہے، بھارت نے ورلڈ کپ کے لیے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو بھی ویزے جاری نہیں کیے۔
کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے جسے فوری طور پر بند ہونا چاہئیے۔
دفتر خارجہ نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر اٹھائے جانے والے اقدامات کے خلاف سیاسی ڈرامے بازی کے بجائے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ کو لکھا گیا خط اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی جیلوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران میں عوامی احتجاج ایران کا داخلی معاملہ ہے۔
خیال رہے کہ قبل ازیں دفتر خارجہ نے بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو کا نیا وڈیو بیان بھی جاری کیا تھا جس میں اس نے اپنے اہل خانہ سے ملاقات کا احوال بتایا۔
ویڈیو بیان میں کلبھوشن یادیو نے کہا کہ ملاقات کے دوران اسے محسوس ہوا کہ والدہ اور اہلیہ خوفزدہ تھیں جب کہ اس موقع پر بھارتی اہلکار ملاقات کے دوران والدہ کو دھمکا بھی رہا تھا۔
جاسوس کلبھوشن یادیو نے کہا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ میری والدہ کو جہاز میں مار پیٹ کر لایا گیا ہے، بھارتی سفارت کار ملاقات کے بعد میری والدہ پر کیوں چیخ رہا تھا۔