پاکستان
Time 05 جنوری ، 2018

سندھ ہائیکورٹ کا شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست پر سماعت سے انکار

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست پر سماعت سے انکار کردیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن پر محکمہ اطلاعات میں 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات ہیں اور اس کیس میں 23 اکتوبر کو سندھ ہائیکورٹ نے ان کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب نے انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کیا تھا۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی جس کے بعد آج سندھ ہائیکورٹ نے ان کی درخواست سننے سے انکار کردیا ہے۔

جیونیوز کے مطابق سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے وکیل لطیف کھوسہ نے ان کی ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ شرجیل میمن بیمار ہیں اور جیل میں طبی سہولیات بھی نہیں۔

لطیف کھوسہ کے مؤقف پر سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفار کیا کہ بعد از گرفتاری کی درخواست ہے اس میں اتنی کیا جلدی ہے۔

عدالت نے شرجیل میمن کو درخواست رولز کے تحت آفس میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ شرجیل میمن پیپلزپارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں سندھ کی وزارت اطلاعات سمیت مختلف وزارتوں کے وزیر رہے۔

مزید خبریں :