19 جولائی ، 2012
ممبئی …بالی ووڈ کے پہلے سپر اسٹار راجیش کھنہ کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کردی گئیں۔ بالی ووڈ کی اہم شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے آخری رسومات میں شرکت کی۔ راجیش کھنہ کی چتا کو ان کے نواسے (ٹوئنکل کھنہ اور اکشے کمار کے بیٹے )نے آگ لگائی۔ راجیش کھنہ گذشتہ روز انتقال کرگئے تھے۔وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، بالی وڈ اسٹار راجیش کھنہ کو پچھلے ایک ماہ کے دوران کئی مرتبہ اسپتال لے جایا گیا، گزشتہ دوپہر ان کی حالت بگڑ گئی تھی جس کے بعد وہ چل بسے ،ان کی عمر69برس تھی، وہ کئی سال سے بیمار تھے۔ راجیش کھنہ 1942میں بورے والا میں پیدا ہوئے،163فلموں میں کام کیا،فلمی دنیا میں”کاکا “کے نام سے مشہور تھے۔ راجیش کھنہ نے کئی فلموں میں یادگار کردار ادا کئے۔ بالی وڈ کے پہلے سپراسٹار رومانی ہیرو راجیش کھنہ نے 70 کی دہائی میں لاتعداد ہٹ فلموں میں کام کیا جن میں ارادھنا، کٹی پتنگ، آنند، سفر، باورچی، سوتن اور اجنبی شامل تھیں۔ انہوں نے 1967ء سے فلم آخری خط سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کی آخری کامیاب فلم” آاب لوٹ چلیں “تھی جو 1999ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ راجیش کھنہ نے رومانی ہیرو کے امیج کو نیا رنگ دیا۔ 70 کی دہائی میں مسلسل 15 سولو سپر ہٹ فلموں کے بعد وہ بالی ووڈ کے پہلے سپر اسٹار کہلائے ۔ راجیش کھنہ کانگریس کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ بھی رہے، انہیں 2005 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔ راجیش کھنہ نے 1973 ء میں ڈمپل کپاڈیا سے شادی کی تاہم 1984 ء میں ان سے علیحدگی ہوگئی تھی۔