10 جنوری ، 2018
کرکٹ آسٹریلیا نے آئندہ ماہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ساتھ سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے لئے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو ڈیرن لیمن کا اسسٹنٹ نامزد کر دیا ہے۔
گذشتہ سال 43 سال کے پونٹنگ دورہ سری لنکا میں بھی آسٹریلیا ٹیم کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔
آسٹریلوی لیگ ’بگ بیش‘ میں بطور کمنٹیٹر خدمات انجام دینے والے سابق کپتان نے 17 فروری 2005ء کو آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف آسٹریلیا کے پہلے ٹی 20 میں ہی نہیں 2007ء اور2009ء کے پہلے دو آئی سی سی ورلڈ ٹی 20میں بھی بطور کپتان خدمات انجام دی تھیں۔
48 ٹیسٹ میچوں میں آسڑیلیا کے کپتان رہنے والے پونٹنگ کا کہنا ہے کہ ’گزشتہ سال سری لنکا میں ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ کام کرنے کے بعد سہ ملکی سیریز میں کام کرنے کا انتظار کر رہا ہوں۔
آسڑیلیا کے کوچ ڈیرن لیمن اعلان کر چکے ہیں کہ 2019ء کے اختتام پر وہ اپنے کنٹریکٹ کو مزید توسیع دینے کے خواہش مند نہیں۔
اس صورت حال میں ٹیسٹ کرکٹ میں 41 اور ون ڈے کرکٹ میں 31 سنچریاں بنانے والے رکی پونٹنگ کو مستقبل میں آسٹریلیا کے کوچ کا مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔