کاروبار
Time 17 جنوری ، 2018

بٹ کوائن کرنسی کی مالیت میں 50 فیصد سے زائد کمی

پاکستان سمیت دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہوتی ڈجیٹل کرنسی بٹ کوائن کے شیئرز کی مالیت میں 50 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ ماہ ہی اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے والی ڈجیٹل کرنسی کی مالیت 10 ہزار ڈالرز سے بھی نیچے آ گئی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بٹ کوائن کے شیئر کی مالیت 9807.56 ڈالرز پر ریکارڈ کی گئی جو یکم دسمبر کے بعد ڈجیٹل کرنسی میں تقریباً 50 فیصد کمی ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق بٹ کوائن کرنسی کے شیئر کی مالیت گزشتہ برس 18 دسمبر کو اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسٹاک مارکیٹ کے ایک سینئر تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس ہی اس بات کے واضح امکانات تھے کہ بٹ کوائن کرنسی کی قیمت میں گراوٹ آئے گی جو اُن لوگوں کے لیے بہت ہی بری خبر ہو گی جو یہ سوچ رہے تھے کہ اس طریقے سے وہ بہت آسانی سے پیسہ بنا سکتے ہیں۔

بٹ کوائن کی مالیت گزشتہ برس دسمبر کے آخری ہفتے میں 20 ہزار ڈالر تک پہنچی تھی اور اس حوالے سے خدشات سے قبل 2017 میں اس کی قیمت میں 25 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

ایک اور معاشی تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ بڑی کرپٹو کرنسیز کی مالیت میں آنے والی گراوٹ کو جنوبی کوریا کی جانب سے اس پر پابندی سے جوڑا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :