20 جنوری ، 2018
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان کی طرز پر خیبر پختون خوا اسمبلی میں تبدیلی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول ہاؤس لاہور میں ہونے والی ملاقات میں خیبر پختونخوا کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اشتراک پر بھی اتفاق ہوا۔ ذرائع کے مطابق یہ اشتراک سینیٹ انتخابات سے قبل نظام کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں بلوچستان کی طرز پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں تبدیلی کے نقطے پر بھی غور ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبے کی دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے بعد حتمی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف)، مسلم لیگ (ن) اور عوامی نیشنل پارٹی اپوزیشن کا حصہ ہیں جبکہ حکومتی اتحاد میں تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین بلوچستان اسمبلی اور دیگر اپوزیشن ارکین کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم نواب ثناء اللہ زہری نے تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔
نواب ثناء اللہ زہری کے استعفے کے بعد گورنر بلوچستان نے 13 جنوری کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں رائے شماری کے بعد مسلم لیگ (ق) کے رہنما عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔