دنیا
Time 24 جنوری ، 2018

افغانستان میں غیرملکی این جی او کے دفتر پر حملہ، 3 افراد ہلاک


کابل: افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں غیر ملکی این جی او 'سیو دی چلڈرن' کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے صوبہ ننگرہار کے ترجمان آیت اللہ خوگانی کے حوالے سے بتایا کہ آج صبح 9 بجکر 10 منٹ پر  مسلح افراد نے جلال آباد میں  بچوں کی غیر ملکی این جی او  سیو دی چلڈرن کے دفتر پر حملہ کیا۔

فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے مزید بتایا کہ حملے میں 3 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں  چاروں حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

عالمی شدت پسند تنظیم داعش نے سیو دی چلڈرن کے دفتر پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

ایک عینی شاہد محمد امین نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ این جی او کی عمارت میں موجود تھا کہ مسلح افراد وہاں داخل ہوئے اور پھر اس نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی۔

محمد امین نے مزید بتایا کہ،  'ہم چھپنے کے لیے بھاگے جب میں نے ایک مسلح شخص کو آر پی جی (راکٹ پروپیلڈ گرنیڈ) کی مدد سے دروازہ توڑتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد میں نے کھڑکی سے نیچے چھلانگ لگا دی'۔

خیال رہے کہ 21 جنوری کو بھی افغان دارالحکومت کابل میں واقع انٹرکانٹینینٹل ہوٹل پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں 11 غیر ملکیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


مزید خبریں :