پاکستان
Time 27 جنوری ، 2018

نانگا پربت پر غیر ملکی کوہ پیماؤں کو بچانے کیلئے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن

نانگا پربت پر پھنسے پولش کوہ پیماء ٹوماس (دائیں) اور فرانسیسی خاتون الزبتھ (بائیں) 

راولپنڈی: پاک فوج کی جانب سے نانگا پربت سرکرنے کی کوشش کرنے والے پولینڈ اورفرانس کے کوہ پیماؤں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نانگا پربت پر پھنسے دو غیر ملکی کوہ پیماؤں کو بحفاظت بیس کیمپ لانے کے لیے آرمی نے آپریشن شروع کردیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو آپریشن میں دو ہیلی کاپٹرز اور چار اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق نانگا پربت پر پھنسے دو غیر ملکی کوہ پیماؤں کو بچانے کی درخواست ان کے ملکوں کے سفارتخانوں کی جانب سے کی گئی ہے۔

پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں میں فرانسیسی خاتون الزبتھ اور پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹوماس شامل ہیں، ریسکیو آپریشن کے لیے ہیلی کاپٹرز ریسکیو ٹیم کے ہمراہ بیس کیمپ پہنچ گئے ہیں۔

یہ دونوں کوہ پیما 26 ہزار 660 فٹ بلند نانگا پربت جسے قتل پہاڑ بھی کہا جاتا ہے، اسے سر کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ 7 ہزار 400 میٹر کی بلندی پر پھنس گئے۔

ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق سول انتظامیہ بھی ریسکیو آپریشن کررہی ہے اور آپریشن میں ہیلی کاپٹرکی بھی مدد لی جارہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ غیرملکی کوہ پیماؤں کی واپسی کے لیے صوبائی حکومت متحرک ہے البتہ خراب موسم کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں کوہ پیماؤں میں سے مرد کا نام ٹوماس ہے اور اس کا تعلق پولینڈ سے جبکہ خاتون کوہ پیما الزبتھ کا تعلق فرانس سے ہے۔

دونوں کوہ پیما اس وقت سات ہزار 400 میٹر کی بلندی پر پھنسے ہوئے ہیں جہاں سے انہوں نے سیٹلائٹ فون کے ذریعے مدد کا پیغام بھیجا تھا۔

نانگا پربت پر انہیں خون جما دینے والی سرد ہواؤں کا سامنا ہے جہاں ایک کوہ پیما کی بینائی متاثر ہوگئی ہے جبکہ دوسرے کوہ پیما کے ہاتھوں اور پاؤں کی انگلیاں فراسٹ بائٹ کا شکار ہوئی ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پولینڈ سے تعلق رکھنےوالے چارکوہ پیما بھی ریکسیو آپریشن میں معاونت کررہے ہیں جنہیں کے ٹو سے بیس کیمپ سےنانگا پربت پہنچایا گیا ہے۔

مزید خبریں :