Time 07 اپریل ، 2025
دنیا

ٹرمپ نے پینگوئنز کے مسکن غیر آباد جزائر پر ٹیرف کیوں لگایا؟ وجہ سامنے آگئی

ٹرمپ نے پینگوئنز کے مسکن غیر آباد جزائر پر ٹیرف کیوں لگایا؟ وجہ سامنے آگئی
یہ جزائر زمین کے دور افتادہ ترین مقامات میں شمار ہوتے ہیں جہاں صرف پینگوئن پائے جاتے ہیں

امریکی حکام  نے ان دورافتادہ غیرآباد جزائر پر تجارتی ٹیرف عائد کرنے کا دفاع کیا ہے جہاں صرف پینگوئنز اور سیلز رہتی ہیں۔ 

انٹارکٹکا کے قریب آسٹریلیا کے زیر انتظام غیر آباد جزائر ہرڈ آئی لینڈ اور میکڈونلڈ آئی لینڈز پر بھی امریکا کی جانب سے 10 فیصد تجارتی ٹیرف عائد کر دیا گیا ہے۔

یہ جزائر زمین کے دور افتادہ ترین مقامات میں شمار ہوتے ہیں جہاں صرف برفانی گلیشیئرز اور پینگوئن پائے جاتے ہیں، ان جزائر پر انسانی آمد و رفت نہ ہونے کے برابر ہے اور یہاں انسانوں کا آخری دورہ تقریباً 10 سال قبل ہوا تھا۔

 آسٹریلوی حکام کو جب گزشتہ ہفتے ان جزائر پر ٹیرف عائد ہونے کا علم ہوا تو وہ حیران رہ گئے۔ آسٹریلیا کے وزیر تجارت ڈان فیرل نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان جزائر پر ٹیرف کا نفاذ ’واضح طور پر ایک غلطی ہے‘ جو  ’جلدبازی میں کیے گئے عمل‘ کی نشاندہی کرتی ہے۔

تاہم گزشتہ روز امریکی سیکرٹری تجارت ہاورڈ لٹنک نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے امریکی میڈیا کو بتایا کہ ہرڈ اور میکڈونلڈ جزائر پر ٹیرف کا مقصد ان خامیوں کو دور کرنا ہے جن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ممالک ٹیر ف سے بچنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

ہاورڈ  لٹنک نے کہا کہ اگر آپ کوئی علاقہ ٹیرف کا شکار ہونے والے علاقوں کی فہرست سے نکال دیں گے تو وہ ممالک جو امریکی نظام سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، انہی راستوں سے ہم تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ اس بات کو جانتے ہیں، وہ اس کھیل سے تنگ آ چکے ہیں اور اب وہ اسے درست کرنے جا رہے ہیں۔


مزید خبریں :