پاکستان
Time 02 فروری ، 2018

جنسی ہراسگی سے متعلق نصاب میں تبدیلی کیلئے علماء سے بھی رائے طلب کی: رانا ثنا اللہ

— فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بچوں کو جنسی ہراساں ہونے سے بچنے کی تعلیم کے حوالے سے نصاب میں سبق شامل کرنے کے لیے علماء کی بھی رائےطلب کی گئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس حوالے سے سبق کو نصاب میں شامل کرنےکا حکم دیا جس کے بعد ایک کمیٹی قائم کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹےبچوں کو معلومات کے لیے ایک کتاب مرتب کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مسودہ تیار کرکے کمیٹی کی منظوری کے بعد وزیر اعلیٰ کو بھجوایا گیا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے علماء کی بھی رائےطلب کی گئی اور متحدہ علماء بورڈ کی میٹنگ میں بھی مذکورہ مسودہ رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس تعلیمی سلسلے کو اگلی جماعتوں کے بچوں کیلیے بھی بڑھایا جائے گا۔  

قصور واقعے کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قصور میں زینب کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور ایسے واقعات ملکی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔

انہوں نے قصور واقعے سے متعلق کردار ادا کرنے پر عدلیہ، آرمی چیف اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزم نہ صرف مقتول زینب کے نماز جنازہ اور دیگر مقامات پر بھی لوگوں کے ساتھ جاتا رہا بلکہ اسی واقعے کے خلاف احتجاج اور پتھراؤ بھی کرتا رہا۔

صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ جب مجرم کو ڈی ان اے پروفائل کیلیےطلب کیا تو وہ غائب ہو گیا اور دل میں تکلیف کا ڈرامہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی این اے نہ دینے کی حرکتوں کے بعد سیکورٹی ایجنسیز کو اس کے پیچھے لگا دیا گیا اور اسے گرفتار کرنے کے لیے دیگر 6 افراد سمیت طلب کیا تاکہ اسے شک نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ مجرم کو صرف ڈی این اے سے نہیں بلکہ دیگر شواہد سے بھی پکڑا گیا جب کہ تفتیش کے دوران ملزم نے پہلے واقعے سے آخری واقعے تک تمام تفصیلات بتائیں ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کو سیاسی جماعت کے ضلعی عہدیدار کے بھتیجے نے بربریت کا نشانہ بنایا لیکن اس سیاسی جماعت کے سربراہ کو اتنی بھی شرم نہیں آئی کہ ضلعی عہدایدار کے خلاف کوئی کارروائی کرتا یا اس پولیس سے ہی پوچھ لیتا جس کے وہ گن گاتا پھرتا ہے کہ ملزم کیسے ملک سے فرار ہو گیا۔

صوبائی وزیر قانون نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمیں مردان کی عاصمہ اور کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ کے قتل پر بھی افسوس ہے۔

مزید خبریں :