دنیا
Time 02 فروری ، 2018

پاکستان امریکا کی جنوبی ایشیائی پالیسی کی کامیابی کیلئے اہم ہے، سربراہ سینٹ کام

واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹیل نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء کے لیے امریکی حکمت عملی ہے کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے، افغانستان میں جنگ ختم کرے اور پاکستان کا اس میں انتہائی اہم اور کلیدی کردار ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کی جنوبی ایشیائی پالیسی کی کامیابی کیلئے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا جنوبی ایشیاء کی پالیسی پر عمل درآمد کررہا ہے جس میں طالبان کو مفاہمت کی طرف لانا شامل ہے۔

سربراہ امریکی سینٹ کام نے کہا کہ پالیسی میں افغانستان کے طویل مسئلے کوحل کرنا بھی شامل ہے۔

کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان طالبان سے مذاکرات کے امکان کو مسترد کیا تھا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے افغانستان میں حالیہ دنوں میں ہونے والے یکے بعد دیگرے دہشت گرد حملوں کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس صورتحال میں طالبان سے مذاکرات کا کوئی امکان نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ سے جب پوچھا گیا کہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے حوالے سے امریکا کی پالیسی کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ ’’میرا نہیں خیال کہ ہم اس وقت مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ہم طالبان سے بات چیت نہیں کرنا چاہتے، وہ دائیں بائیں ہر جگہ بے گناہ لوگوں کو قتل کررہے ہیں‘‘۔

پاک امریکا تعلقات میں تناؤ

خیال رہے کہ 2018 کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں تناؤ پیدا ہوگیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔

اس کے بعد امریکا نے پاکستان کی امداد بند کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانا شروع کردیے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک پاکستان کی معاونت معطل رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔

مزید خبریں :