20 جولائی ، 2012
اسلام آباد…سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2013 تک پولیو ختم نہ ہوا تو پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگ سکتی ہے۔سینیٹ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس فرح عاقل کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ہوا،اجلاس کے دوران سینیٹر کریم خواجہ نے کہا کہ عالمی برادری نے باور کرایا ہے کہ اگلے سال تک پاکستان سے پولیو ختم نہ ہوا تو پاکستانی شہریوں کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگا دی جائے گی۔وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام نے بھی اس کی تصدیق کی۔ اجلاس میں سینیٹر زاہد خان، ذوالفقار کھوسہ اور کلثوم پروین نے اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبوں کو وزارتوں کے اختیارات منتقل نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا۔ زاہد خان کا کہنا تھا کہ یہ غیر آئینی ہے اور دو سیکریٹریز ایسا نہیں ہونے دے رہے، ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیئے۔ذوالفقار کھوسہ کا کہنا تھا کہ صوبوں کو منتقل وزارتوں میں دوبارہ بھرتیاں کی جارہی ہیں۔سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بتایا کہ صحت کے شعبے میں رواں سال ایک ارب ڈالرز کے فنڈز ملنے کی توقع ہے تاہم عالمی ادارے یہ فنڈز صوبوں کو دینے پر تیار نہیں۔