09 فروری ، 2018
کراچی: انسپکٹر جنرل سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس کو بریفنگ دی ہے۔
پی ایس ایل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ، وزیر کھیل، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس، کمشنر کراچی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آئی جی سندھ نے پی ایس ایل کے فائنل کی سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ پولیس نے لاہور کا دورہ کیا جہاں پاکستان و سری لنکا کے درمیان اکتوبر 2017 میں ہونے والے میچ کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی اسٹیڈیم اور اس کے تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی اور میچ سے پانچ روز قبل پارکنگ ایریاز اور اسٹیڈیم کھول دیئے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران ایس ایس پی سیکیورٹی جاوید مہر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ آئی جی پولیس نے سیکیورٹی کمیٹی بنائی ہے جس میں پولیس، رینجرز اور خفیہ اداروں کے حکام روزانہ کی بنیاد پر آپس میں رابطہ رکھیں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ برس وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کراچی میں کرائیں گے، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا اور اب ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شرکاء کے لئے لائٹنگ، پانی کا بندوبست، پارکنگ، صفائی ستھرائی کے علاوہ گندگی کو ٹھکانے لگانے اور طبی سہولیات کا بندوبست بھی کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے چار کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں، ایگزیکٹو کمیٹی میں چیف سیکریٹری، سول کمیٹی میں وزیر بلدیات، میئر کراچی اور دیگر شامل ہوں گے جب کہ انٹیلی جنس کمیٹی خفیہ اداروں کے حکام اور سیکیورٹی کمیٹی پولیس اور رینجرز کے حکام پر مشتمل ہوگی۔
خیال رہے کہ 22 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لئے 4 وینیوز کا استعمال کیا جائے گا جہاں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے تمام لیگ میچز دبئی اور شارجہ میں جبکہ پلے آف کے 2 میچز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔