پاکستان
Time 10 فروری ، 2018

پشاور: زرعی ڈائریکٹوریٹ پر حملے میں ملوث ایک اور سہولت کار گرفتار


پشاور: محکمہ انسداد دہشت گردی نے گذشتہ برس دسمبر میں زرعی ڈائریکٹوریٹ پر حملے میں ملوث ایک اور سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے نواحی علاقے لڑمہ میں کارورائی کرکے ملزم محمد یاسر کو گرفتار کیا جس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے بتایا جارہا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق اس سے قبل 29 جنوری کو ملزم ابراہیم کو گرفتار کیا گیا تھا جس کا تعلق چارسدہ سے تھا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دونوں ملزمان آپس میں ساتھی ہیں اور دونوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ یکم دسمبر 2017 کو پشاور میں زرعی ڈائریکٹوریٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 9 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا تھا کہ حملہ آور برقعوں میں ملبوس تھے، جو رکشے کے ذریعے زرعی ڈائریکٹوریٹ آئے اور سب سے پہلے چوکیدار کو نشانہ بنایا، تاہم سیکیورٹی فورسز کے بروقت پہنچنے کی وجہ سے نقصان کم سے کم ہوا۔

حملے کے بعد تحقیقاتی اداروں نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔

مزید خبریں :