پاکستان

پشاور: زرعی ڈائریکٹوریٹ پر حملے میں 9 افراد شہید، تمام دہشت گرد ہلاک

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں—۔فوٹو/اے ایف پی

پشاور: زرعی ڈائریکٹوریٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 9 افراد شہید ہوگئے جب کہ فورسز نے آپریشن کرکے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

جیونیوز کے مطابق جمعہ کی صبح پشاور کی زرعی یونیورسٹی کے قریب واقع ڈائریکٹوریٹ جنرل زراعت خیبرپختونخوا پر اچانک 3 نقاب پوش مسلح افراد نے حملہ کرکے فائرنگ شروع کردی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایف سی، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی اور آپریشن کا آغاز کردیا۔

آپریشن کے دوران یونیورسٹی روڈ اور اطراف کی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، جائے وقوعہ کی فضائی نگرانی بھی کی گئی جب کہ آس پاس کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا، اس دوران فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

فورسز نے چند گھنٹوں کے آپریشن میں ڈائریکٹوریٹ میں موجود تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا، جس میں بارودی مواد کے علاوہ 20 ہینڈ گرنیڈ اور 3 خودکش جیکٹس بھی شامل تھیں، جنہیں دہشت گرد پھاڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

زرعی ڈائریکٹوریٹ پر حملے کے نتیجے میں 6 طلبا سمیت 9 افراد شہید ہوئے جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

ہلاکتوں کی تصدیق

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

جب کہ ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان نے نمائندہ جیونیوز سے گفتگو میں پانچ حملہ آوروں کی ہلاکت کے بارے میں بتایا۔

سجاد خان کا کہنا تھا کہ 'حملہ آور شٹل کاک برقعے پہن کر رکشے کے ذریعے ڈائریکٹوریٹ آئے تھے، دہشت گردوں نے خودکش جیکٹس بھی پہن رکھی تھیں، حملہ آوروں نے سب سے پہلے چوکیدار کو نشانہ بنایا، تاہم سیکیورٹی فورسز کے بروقت پہنچنے کی وجہ سے نقصان کم سے کم ہوا'۔

حملے کے بعد تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنا شروع کردیئے ہیں اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہےکہ زرعی ڈائریکٹوریٹ پر حملے میں ملوث حملہ آور گزشتہ رات پشاور پہنچے، حملے میں ملوث ایک دہشت گرد واٹس ایپ استعمال کرتارہا جب کہ رات گئے دانش آباد سےدہشت گردوں نےپہلی فون کال کی۔

'حملہ آور برقع پہن کر رکشے کے ذریعے آئے'

آپریشن کے بعد آئی جی کے پی صلاح الدین نے حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صبح تقریباً 8 بج کر 35 منٹ پر حملے کی اطلاع موصول ہوئی، 3 دہشت گرد رکشہ میں برقع پہن کر آئے اور انہوں نے پہلا حملہ چوکیدار پر کیا جس میں وہ زخمی ہوگیا۔

آئی جی نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی گاڑیاں 3 سے 4 منٹ کے اندر پہنچیں، جس کے بعد فوج کے دستے بھی پہنچ گئے، پولیس اور آرمی کی کوآرڈینیشن اتنی اچھی تھی کہ وقوعہ شروع ہوتے ہی سیکیورٹی فورسز ڈائریکٹوریٹ کے اندر گھس چکی تھیں۔

آئی جی کے مطابق آپریشن میں پشاور پولیس، ایلیٹ گروپ، ریپڈ رسپانس گروپ اور پاک فوج کے ریگولر اور اسپیشل دستوں نے حصہ لیا۔

سیکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشن کیا—۔فوٹو/اے ایف پی

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران ایک جانب سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں سے لڑ رہی تھیں، وہیں طلباء کو بھی نکالا جارہا تھا، جنہیں بکتر بند گاڑیوں میں تین چار کھیپوں میں باہر نکالا گیا۔

آئی جی کے پی نے بتایا کہ واقعے میں 6 طلباء، ایک چوکیدار اور چند سویلینز شہید ہوئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 3 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا جب کہ چوتھے شخص کی شناخت کا عمل جارہی ہے۔

آئی جی کے پی کے نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں دہشت گرد آسان اہداف کی طرف جاتے ہیں، لہٰذا اس طرح کے واقعات ایک ممکنہ امر ہے۔

صلاح الدین محسود نے مزید کہا کہ 'پاکستان میں اس طرح کے واقعات میں غیرملکی ایجنسیاں اور افغانستان کے دہشت گرد ملوث ہیں اور یہ سب منصوبہ بندی کے تحت ہورہا ہے'۔

اسپتال میں ایمرجنسی نافذ

واقعے کے بعد پشاور کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے اور زخمی ہونے والوں کو خیبرٹیچنگ اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق واقعے کے 15 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا، جن میں طلباء سمیت ایک چوکیدار، ایس ایچ او یونیورسٹی کیمپس فرحت اور ایک صحافی  بھی شامل تھا۔

دوسری جانب آرمی کے 2 جوانوں کو طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ کا اسپتال کا دورہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے خیبر ٹیچنگ اسپتال کا دورہ کرکے حملے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں پرویز خٹک نے دہشت گردی کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس بن گئی ہے، دہشت گردی کو ختم کرنا ہے، کئی دہشت گرد کارروائیاں روکی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار ہے جس سے تفتیش ہو رہی ہے۔



ڈائریکٹوریٹ کے ملازم کا بیان

ڈائریکٹوریٹ زراعت کے ایک ملازم کے مطابق عموماً یہاں 3 سے 4 سو کے قریب طلباء ہوتے ہیں تاہم چونکہ یہ سال کا آخر ہے اور 12 ربیع الاول کے موقع پر عام تعطیل کی وجہ سے بھی متعدد لوگ اپنے گھروں کو روانہ ہوچکے تھے، اس لیے امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ حملے کے وقت 100 کے قریب طلباء موجود ہوں گے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی—۔جیو نیوز اسکرین گریب

زرعی ڈائریکٹوریٹ کے قریب خیبرٹیچنگ اسپتال کا نرسنگ ہاسٹل بھی موجود ہے، جہاں سے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقام کی طرف منتقل کردیا گیا۔

جس مقام پر حملہ ہوا، وہاں ایگریکلچر ایکسٹینشن، ایگریکلچر لائیو اسٹاک اور ڈائریکٹوریٹ جنرل زراعت کے دفاتر کے ساتھ ملازمین کے گھر بھی واقع ہیں، جبکہ یہاں ایگریکلچر آف سائنس اور ویٹرنری سائنس کے ڈپلومہ کروائے جاتے ہیں۔


ہم سو رہے تھے کہ اچانک فائرنگ شروع ہوگئی: عینی شاہد

ایک عینی شاہد طالب علم نے نمائندہ جیو نیوز کو بتایا کہ 'ہم سو رہے تھے کہ اچانک فائرنگ کی آوازیں آنا شروع ہوئیں، جس پر ہم اٹھ گئے اور بھاگنا شروع کردیا، مرکزی دروازے پر زیادہ شدید فائرنگ ہورہی تھی، جس کے نتیجے میں ہمارے 2 ساتھی بھی زخمی ہوئے، جنہیں ہم اپنے ساتھ نکال کر باہر لائے'۔

ایک اور عینی شاہد طالب علم نے بتایا کہ 'حملہ آور اچانک آئے،جب پہلا فائر ہوا تو ہم بوکھلا گئے اور سمجھے کہ شاید کسی نے پٹاخا پھوڑا ہے، پھر جب زیادہ فائر ہوئے تو ہم نے مرکزی دروزے کی جانب بھاگنا شروع کردیا، ہم تقریباً 15، 16 ساتھی تھے، جن میں سے 2 زخمی ہوئے'۔

حملے کی مذمت

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق صدر آصف زرداری اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے پشاور میں زرعی ڈائریکٹوریٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا۔

احسن اقبال نے شہید اور زخمی ہونے والوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے  زرعی ڈائریکٹوریٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے اور ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرکے ہی دم لیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی پشاور میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کوناکام بنایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔

پشاور میں دہشت گرد حملے

زرعی ڈائریکٹوریٹ پر یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب گذشتہ ماہ 24  نومبر کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں خود کش حملے کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹر محمد اشرف نور شہید ہوگئے تھے۔

ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کو گھر سےآفس جاتے ہوئے تاتارا پارک کے قریب خودکش حملےکا نشانہ بنایا گیا تھا۔

پشاور کی تاریخ میں بدترین حملہ 16 دسمبر 2014 کو ہوا تھا، جب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرکے 150 کے قریب افراد کو شہید کر دیا تھا، جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں کی تھی۔

مزید خبریں :