10 فروری ، 2018
بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ انوشکا شرما کے والد اجے کمار شرما نے اپنے داماد ویرات کوہلی کو شاعری کی کتاب کا تحفہ دے دیا اور صرف یہی نہیں بلکہ اس پر مصنفہ سے خصوصی طور پر آٹوگراف بھی لیا۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں انوشکا کے والد نے تیجسوانی دیویا نائک کی کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کی اور اپنے داماد ویرات کے لیے ’اسموک اور وسکی‘ نامی کتاب خریدی۔
یہ تیجسوانی دیویا کی ایک شاعری کی کتاب ہے جس میں 42 نظمیں شامل ہیں، جو رشتوں پر مبنی ہیں۔
انوشکا کے والد نے خاص طور پر ویرات کو تحفہ دینے کے لیے تیجسوانی دیویا نائک سے ان کی شاعری کی کتاب پر آٹوگراف بھی لیا۔
یاد رہے کہ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ کپتان ویرات کوہلی گذشتہ برس دسمبر میں اٹلی کے شہر میلان میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
اپنی شادی کے موقع پر انوشکا اور ویرات نے تمام مہمانوں کو معروف شاعر رومی کی ایک کتاب تحفے میں دی تھی جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ دونوں کو شاعری سے لگاؤ ہے۔