18 دسمبر ، 2017
ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی سے متعلق خبروں کا تجسس اب تک برقرار ہے اور شادی کے بعد آنے والی تصاویر اور ویڈیوز کے بعد بھی مداح ان کی شادی سے متعلق مزید جاننے کے لئے بے تاب ہیں۔
کرکٹر اور اداکارہ کی شادی کی منتظم دیویکا نارائن نے انکشاف کیا ہے کہ ویرات اور انوشکا دونوں ہی شادی کی تقریب کو خفیہ رکھنا چاہتے تھے اور اس مقصد کے لئے انہیں انتظامات کرنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
انہوں نے کہا کہ جب ان سے پوچھا جاتا کہ کس کی شادی ہورہی ہے تو وہ یہی کہتیں کہ دلہن کی شادی ہے اور جب بہت زیادہ اصرار کیا جاتا تو وہ یہی کہتیں کہ ہم نے جوڑے کا نام خفیہ رکھنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔
کوہلی انوشکا شادی کی منتظم نے مزید بتایا کہ شادی کے لئے کیے گئے تمام انتظامات انوشکا کا آئیڈیا تھا جس پر انہوں نے صرف عملدرآمد کرایا اور شادی کی تمام تقریبات روایتی بھارتی انداز سی کی گئیں۔
دیویکا کے مطابق شادی کی تمام تقریبات 3 روز تک جاری رہیں، پہلے روز ویلکم لنچ، سنگیت اور منگنی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جب کہ دوسرے روز مہندی اور رت جگا ہوا۔
شادی کے تیسرے روز گرینڈ فائنل ہوا اور جو تصاویر سوشل میڈیا پر مقبول ہوئیں وہ شادی کے تیسرے روز کی ہی تھیں۔
دیویکا نارائن کا کہنا تھا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ انوشکا اس قدر مشکل دلہن ثابت ہوں گی، کیوں کہ وہ مہندی لگانے سے تصاویر بنانے تک کے ہر مرحلے پر خود ہدایات دیتیں اور انہی کی ہدایت پر عمل کیا جاتا۔
دیویکا کے مطابق ویرات اور انوشکا دونوں ہی صوفی ازم سے بہت قریب ہیں اور دونوں مولانا رومی کی شاعری سے متاثر ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے شادی میں شریک مہمانوں کو مولانا رومی کی شاعری کا مجموعہ بطور تحفہ دیا اور شادی کی تقریبات کے دو روز تک مولانا رومی کی ہی نظمیں مہمانوں کو سنائی گئیں۔
خیال رہے کہ دیویکا نارائن نے انوشکا ویرات کی شادی سے متعلق سب سے پہلے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیا تھا جس کے دوران انہوں نے شادی سے متعلق بعض چیزوں کا انکشاف کیا تھا۔