03 فروری ، 2012
دبئی … پی سی بی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے پاکستان ٹیم کی پرفارمنس سے بھارتی بورڈ ڈر رہا ہے، بھارتی بورڈ کے سامنے جھک نہیں رہے، عوام کے لئے پاک بھارت سیریز کی بحالی چاہتے ہیں۔ دبئی میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان ٹیم کی پرفارمنس سے بھارتی بورڈ ڈر رہا ہے، ایسا سننے میں آیا ہے کہ اپنی ٹیم کی شکست پر شائقین کی جانب سے ممکنہ شدید رد عمل پر بھی بھارتی بورڈ گھبرا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیکرکٹ بورڈ کے سامنے جھک نہیں رہے، عوام کیلئے پاک بھارت سیریز کی بحالی چاہتے ہیں، دونوں ملکوں کے عوام پاک بھارت میچز دیکھنا چاہتے ہیں، دونوں بورڈز اور حکومتی عہدیداروں کو اکٹھا کرنے پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو پاکستان سے سیریز کیلئے حکومت سے اجازت نہیں مل رہی، تاہم ہم انٹرنیشنل کرکٹ کی اپیل میں بحالی کے لئے پُر امید ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بنگلادیش کی سیکیورٹی ٹیم اس ماہ پاکستان آئے گی اور پاک بنگلادیش سیریز کیلیے ایشین میچ آفیشلزکی تقرری کا امکان ہے۔