حافظ آباد میں ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالنے کا واقعہ،مزید 8 متاثرہ خواتین سامنے آگئیں

پنجاب کے شہر حافظ آباد میں ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالے جانے کی مزید 8 متاثرہ خواتین سامنے آگئیں جب کہ گرفتار دو ملزمان کو پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور روانہ کردیا گیا۔

گزشتہ روز 16خواتین کے میڈیکل ٹیسٹ کے دوران ان کی کمر پر سرنج کے نشانات پائے گئے تھے، حافظ آباد کے محلہ بہاولپورہ میں مزید 8خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد متاثرہ خواتین کی تعداد 24 ہوگئی ہے۔

خواتین کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 5 کو لاہور بھیجا گیا ہے۔

ڈاکٹرریحان اظہر کے مطابق گزشتہ روز 16خواتین کے میڈیکل ٹیسٹ کے دوران ریڑھ کی ہڈی پرسرنج کے نشانات پائے گئے تھے۔

متاثرہ خواتین نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ ملزمان جہیز اور نقد رقم کا لالچ دے کر انہیں ورغلاتے تھے۔

ڈی پی او ڈاکٹرغیاث گل کا کہنا تھا کہ مقدمے میں ڈی ایچ کیو کا خاکروب ساجد اورایک خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتارہیں۔

ملزمان کا اصل مقصد کیا تھا اوروہ کیوں خواتین کو لالچ دے کرایسا کرتے تھے،سچ جھوٹ کا پتا کرانے اور حقائق جاننے کے لیے دو ملزمان کو پولی گرافک ٹیسٹ کےلئے لاہورروانہ کیا گیا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق دو دن میں تحقیقات مکمل کرلی جائے گی۔

بون میرو کیا ہوتا ہے؟

حافظ آباد میں جہیز کا لالچ دے کر لڑکیوں کی ریڑھ کی ہڈی کا پانی نکالنے والے گروہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا، شبہ کیا جارہا ہے کہ ایسا بون میرو نکالنے کے لیے کیا گیا۔

بون میرو کیا ہوتا ہے اوربون میروٹرانسپلانٹ کس طرح کیا جاتا ہے؟

بون میرو،ہڈیوں میں موجود کچھ ایسے ٹشوز ہیں جنہیں خون کی فیکٹری کہا جاتا ہے۔ سفید اور سرخ سیلز کے ساتھ پلیٹلیٹس بننے کا عمل بون میرو سے ہی ہوتا ہے۔

خون کے کینسر میں مبتلا شخص کو اس موذی مرض سے بچانے کیلئے کسی صحت مند شخص کا بون میرو ٹرانسپلانٹ کیا جاتا ہے۔

ہیماٹولوجسٹ ڈاکٹر ثاقب انصاری کے مطابق بچوں کا بون میرو کولہے کی ہڈی سے جبکہ بڑوں میں خون سے نکالا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ بون میرو عطیہ کرنے سے انسانی صحت پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

مزید خبریں :