Time 13 فروری ، 2018
پاکستان

حافظ آباد: 'بون میرو' نکالنے سے متاثرہ 16 خواتین سامنے آگئیں

حافظ آباد: پنجاب کے شہر حافظ آباد میں گزشتہ روز خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکال کر اسے فروخت کرنے کا انکشاف ہوا تھا اور اب مزید 16 متاثرہ خواتین سامنے آگئیں۔

ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالے جانے والی متاثرہ خواتین کو میڈیکل ٹیسٹ کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایم ایس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خواتین کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب سرنج کے نشانات پائے گئے ہیں۔

دوسری جانب ڈی پی او حافظ آباد غیاث گل کا کہنا ہے کہ مبینہ طور خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالنے کا مقصد کیا تھا اس بارے میں جلد پیش رفت ہوگی جب کہ تمام ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق خصوصی کمیٹی 3 دن میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ دیگی جب کہ متاثرہ خواتین کے نمونے ٹیسٹ کے لئے بھیجے گئے ہیں اور رپورٹ آنے پر حتمی طور پر کچھ کہا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معاملہ سمجھ سے باہر ہے، بون میرو نکالنا اتنا آسان نہیں، اگر اس میں گرفتار ملزمان ملوث ہیں تو انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے لڑکیوں کا بون میرو نکال کر فروخت کیے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او حافظ آباد سے رپورٹ طلب کی تھی۔

مزید خبریں :