Time 15 فروری ، 2018
پاکستان

سرگودھا کے گاؤں کوٹ عمرانہ میں 22 افراد میں ایڈز کی تصدیق


سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے گاؤں کوٹ عمرانہ میں 22 افراد میں ایڈز کی تصدیق ہوئی ہے۔

سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے گاؤں کوٹ عمرانہ کے نمبردار چوہدری محمد اکرم نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے نا م ایک خط تحریر کیا تھا جس میں انکشا ف کیا گیا کہ 3500 آبادی پر مشتمل کوٹ عمرانہ میں ایڈز جیسا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک 250 سے زائد افراد میں اس کی تشخیص بھی ہو چکی ہے۔

محمد اکرم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو خط میں مزید لکھا کہ ایڈز کے مرض کے باعث لوگوں میں خو ف و ہراس پایا جا رہا ہے۔

گاؤں کے نمبردار کے خط پر وزیر اعلیٰ پنجا ب نے فوری تحقیقات کا حکم دیا اور محکمہ صحت کی ٹیم کو فوری طور پر گاؤں میں گھر گھر ہر شخص کا ایڈز کے ٹسٹ کا حکم دیا۔

کوٹ عمرانہ کے لوگ ایڈز کے ٹیسٹ کے لیے جمع ہیں۔ فوٹو: جیو نیوز

وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر محکمہ صحت کی ٹیم گاؤں پہنچی تو پہلے روز 80 روز ایچ آئی وی ایڈز کے ٹسٹ کئے گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، 22 سے زائد افراد میں ایڈز کا وائرس پایا گیا جب کہ محکمہ صحت نے اس با ت کی تصدیق کی کہ اس سے قبل اسی گاؤں کے 16 افراد میں ایڈز کی تصدیق ہوئی تھی۔

چیف ایگزیکٹیو محکمہ صحت پنجاب ڈاکٹر نصرت ریاض کے مطابق سرگودھا کے گاؤں کوٹ عمرا نہ میں خواتین اور بچوں سمیت 80 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 22 افراد میں ایڈز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈاکٹر نصرت نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اللہ دتہ نامی اتائی ڈاکٹر کے مہلک علاج سے 15 سال قبل گاؤں میں ایڈز کا مرض پھیلا تھا، جو خود بھی اسی مرض میں مبتلا ہو کر مرا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر گاؤں میں ایچ آئی وی کے ٹیسٹ کے لیے کیمپ لگا دیا گیا ہے، جن لوگوں کے ایڈز ٹیسٹ مثبت آئیں گے ان کے نام کو خفیہ رکھا جا ئے گا جب کہ گاؤں کے ہر شخص کا ایڈز کا ٹسٹ کیا جا ئے گا۔

مزید خبریں :