Time 19 فروری ، 2018
کھیل

اگست میں پاکستانی ٹیم کا امریکا میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کا امکان

رواں برس اگست میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے مشکل دکھائی دے رہا ہے اور اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ اگر زمبابوے کرکٹ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے سے انکار کیا تو پاکستانی ٹیم امریکا میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے ساتھ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے تصدیق کی کہ زمبابوے کرکٹ کے ایم ڈی فیصل حسین نے دو ہفتے قبل لاہور آکر پی سی بی حکام سے ملاقات کی اور بتایا کہ موجودہ حالات میں زمبابوے کے لیے دو ٹیسٹ، دو ٹی ٹوئنٹی اور سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ کرانا مشکل ہے۔

اس لیے پلان بی کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز بورڈ کی پیشکش کو قبول کرکے امریکا میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل حسین اپنے بورڈ کا حتمی جواب اگلے دو ہفتے میں دیں گے۔

امریکا میں کرکٹ آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، تاہم مالی معاملات طے ہونا ابھی باقی ہیں۔

فلوریڈا کا شہر فورٹ لیڈر ڈیل اس سے قبل نیوزی لینڈ، بھارت، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کرچکا ہے جبکہ ویسٹ انڈین بورڈ سینٹرل برو ورڈ ریجنل پارک میں کیریبین لیگ کے میچ بھی کراچکا ہے۔یہ گراؤنڈ آئی سی سی سے منظورہ شدہ ہے۔

ہیوسٹن ماضی میں 2002 میں ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ کراچکا ہے۔ یہاں ایک پاکستانی نے نیا کرکٹ اسٹیڈیم بنایا ہے جس پر پہلی بار انٹرنیشنل میچ کرائے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ میں پاکستان سپر لیگ فائنل کے بعد ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم لاہور  آئے گی۔

سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 29، 31 مارچ اور یکم اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ویسٹ انڈین بورڈ نے اس سے قبل پاکستان کے ساتھ پانچ سالہ معاہدہ کرنے پر حامی بھری تھی، لیکن اب اس نے پانچ سالہ معاہدہ کرنے سے معذرت کر لی ہے تاہم مارچ-اپریل کی سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز بورڈ کی پلیئرز ایسوسی ایشن سے بات چیت کامیاب رہی ہے اور پاکستانی کرکٹ ٹیم اگست میں جوابی سیریز کے لیے امریکا جائے گی، جہاں ویسٹ انڈین بورڈ میزبانی کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہوگا اور چھ لیگ میچوں کے بعد دو ٹاپ ٹیمیں فائنل میں کھیلیں گی۔

چوں کہ امریکہ میں میچ زیادہ ہوں گے اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈین بورڈ سے ہونے والی آمدنی کا شیئر مانگا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

مزید خبریں :