Time 23 فروری ، 2018
کھیل

اپنی پرفارمنس اور فٹنس سے قومی ٹیم جگہ بناؤں گا، محمد عرفان

— فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ میری کوشش  ہے کہ اپنی پرفارمنس اور فٹنس سے پاکستان ٹیم میں جگہ بناؤں۔

ملتان سلطانز کی ٹورنامنٹ میں پہلی جیت کے بعد پریس کانفرنس میں عرفان نے اعتراف کیا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ان سے غلطی ہوئی تھی لیکن میں نے بروقت اپنی غلطی مان لی اور مجھے میرے کئے کی سزا مل گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لئے بھرپور محنت کررہا ہوں اور پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھاکر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہوں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عرفان کو ایک سال کے لیے معطل کر دیا تھا اور اس کے علاوہ ان پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔

محمد عرفان کو یہ سزا بکیز کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن سیل کو آگاہ نہ کرنے پر دی گئی تھی جب کہ محمد عرفان کا سینٹرل کنٹریکٹ بھی 6 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔

محمد عرفان نے پاکستان کی جانب سے 4 ٹیسٹ میچ، 60 ون ڈے انٹرنیشنل اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔

محمد عرفان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ ان رابطوں کے بعد انھوں نے پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا جو کہ ان کی غلطی تھی اور ان کے اس فعل سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ ان سے معافی مانگتے ہیں، انھیں امید ہے کہ پاکستانی قوم انھیں معاف کر دے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں کھیلے جانے والی پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2 کے آغاز پر پاکستانی کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام لگایا گیا تھا۔

مزید خبریں :