Time 24 فروری ، 2018
کھیل

پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لاہور قلندرز کے خلاف یک طرفہ فتح


شین واٹسن اور اسد شفیق کی بیٹنگ اور محمد نواز کی شاندار بولنگ کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کے اوپنرز  کی جانب سے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔


شین واٹسن اور اسد شفیق کے دوران 92 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد آسٹریلوی آل راؤنڈر سنیل نارائن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

عمر امین نے اسد شفیق کو کریز پر جوائن کیا تاہم اس وقت تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میچ پر پوری طرح حاوی ہوچکے تھے۔

اسد شفیق نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور کوئٹہ کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

کوئٹہ کی جانب سے چار رنز کے عوض چار وکٹیں لینے والے محمد نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائن اور لینتھ پر بولنگ کی اس لئے کامیابی ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل تھری میں بیسٹ بولر کا ایوارڈ لینا چاہتا ہوں۔

ادھر لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن مکلم نے کہا کہ آج ہم نے جیت کا ایک اور موقع کھو دیا، ہماری شکست پر فینز کو بھی مایوسی ہوئی۔

مکلم نے کہا کہ امید ہے کہ آئندہ میچز میں ٹیم اچھی پرفارمنس دے گی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جیت کا کریڈٹ محمد نواز کو جاتا ہے، بیٹنگ میں شین واٹسن اور اسد شفیق کی کارکردگی بھی اچھی رہی۔


قبل ازیں لاہور قلندرز نے اننگز کے آغاز پر حارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا تاہم ساتھ میں وکٹیں بھی گنواتے رہے۔

لاہور قلندرز کو پہلا نقصان چوتھے اوور میں ہوا جب سنیل نارائن 10 گیندوں پر 28 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو ایک رن بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کو تیسرا نقصان بھی 60 کے مجموعی اسکور پر اس وقت ہوا جب برینڈن مکلم 30 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

کیمرون ڈیلپورٹ بھی دو چھکوں کی مدد 8 گیندوں پر 15 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اگلے ہی اوور میں حسان خان نے عمر اکمل کو ایک رن پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

رضا حسن اور گلریز صدف بھی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور بالترتیب 4 اور 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ (2) نے شین واٹسن کی گیند گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش کی تاہم صرف وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے پائے۔ 

اختتامی بلے باز بھی اسکور میں کوئی خاص اضافہ نہ کرپائے اور لاہور قلندرز اپنے مقررہ اوورز میں صرف 119 رنز ہی بناسکی۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے اپنے چار اوورز میں محض چار رنز ہی دیے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اپنے اسپیل کے دوران انہوں نے 20 ڈاٹ بالز کروائیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس کے علاوہ جوفرا آرچر نے بھی 23 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز اب تک ٹورنامنٹ کے اپنے دونوں میچز ہار چکی ہے جبکہ کوئٹہ کی یہ پہلی فتح تھی۔

مزید خبریں :