Time 25 فروری ، 2018
کھیل

حسین طلعت کی شاندار بیٹنگ، اسلام آباد یونائیٹڈ دلچسپ مقابلے کے بعد فاتح


دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں حسین طلعت کی شاندار بلے بازی کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف پانچ وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔

114 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک موقع پر میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا تھا جب عمران طاہر نے لگاتار دو گیندوں پر آصف علی اور آنڈرے رسل کو آؤٹ کیا تھا۔

تاہم اس کے بعد فہیم اشرف اور حسین طلعت کے درمیان شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے اسلام آباد کو فتح سے ہمکنار کروایا۔











اسلام آباد کو پہلا نقصان لیوک رانچی کی صورت میں ہوا جنہیں محمد عرفان نے پویلین چلتا کیا۔

اس کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز صاحبزادہ فرحان تھے جو عمران طاہر کی شاندار گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے 9 رنز بنائے۔

47 کے مجوعی اسکور پر چیڈوک والٹن 27 رنز بناکر جنید خان کی گیند کا شکار بن گئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے دونوں بیٹسمین آصف علی اور انڈرے رسل عمران طاہر کی گیند کا شکار بنے جنہوں نے  میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں۔

تاہم اس کے بعد فہیم اشرف اور حسین طلعت کے درمیان شراکت نے 54 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے اسلام آباد کو فتح دلوادی۔

حسین طلعت کو 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


اس سے قبل ملتان سلطانز اسلام آباد کی شاندار بولنگ کے سامنے ڈھیر ہوگئی اور صرف 113 رنز ہی بناسکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق انجری کے باعث آج کے میچ کا حصہ نہیں جن کی جگہ رومان رئیس قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے شعیب ملک الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو احمد شہزاد اور کمار سنگاکارا نے اننگز کا آغاز کیا۔ 

دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور میچ کے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر کمار سنگاکارا رومان رئیس کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈیرن براوو تھے جو 6 رنز بناکر محمد سمیع کی گیند پر اسٹیون فن کو کیچ دے بیٹھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو اگلا جھٹکا اس وقت لگا جب صہیب مقصود پی ایس تھری کے ایک اور میچ میں ناکام ہوگئے اور محمد سمیع کی گیند پر کپتان رومان رئیس کو کیچ دے بیٹھے۔

احمد شہزاد بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور اسٹیون فن کی گیند پر عماد بٹ کے ہاتھوں 11 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد شعیب ملک اور کیرون پولارڈ کے درمیان 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس سے ملتان کی اننگز کو کچھ استحکام ملا۔

تاہم 28 کے انفرادی اسکور پر پولارڈ آنڈرے رسل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے ریویو بھی لیا تاہم وہ بھی ضائع ہوگیا۔

ملتان کی جانب سے شعیب ملک نے اسلام آباد کے بولرز کے سامنے مزاحمت کی تاہم وہ بھی 35 رنز بناکر آنڈرے رسل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

ملتان کی ساتویں وکٹ سیف بدر کی صورت میں گری جو اسکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اختتامی تینوں بلے باز بھی اسکور بورڈ پر کچھ ہی رنز کا اضافہ کرپائے اور اسلام آباد کی نپی تلی گیند بازی کے سامنے 20ویں میں 113 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئے۔

یہ ملتان سلطانز کی پی ایس ایل تھری میں پہلی شکست جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی فتح تھی۔

پی ایس ایل تھری کا اگلا میچ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :