21 جولائی ، 2012
لکی مروت…ڈسٹرکٹ پولیس افسر عمر ریاض نے کہا ہے کہ تحصیل سرائے نورنگ میں خواتین کے بازاروں میں آنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ڈی پی او لکی مروت عمر ریاض نے جیو نیوز کو بتایا کہ گزشہ روز سرائے نورنگ میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں علاقہ عمائدین، تاجر نمائندوں اور ڈی ایس پی ثنااللہ نے شرکت کی۔ڈی پی او عمر ریاض کے مطابق اجلاس میں بعض عمائدین نے ڈی ایس پی سرائے نورنگ سے مطالبہ کیا کہ بازاروں میں خواتین کے آنے پر پابندی عائد کی جائے۔ تاہم ڈی ایس پی نے ایسا کرنے سے معذرت کی۔ ڈی پی او لکی مروت نے مزید بتایا کہ اجلاس کے بعدشرکاء نے از خود یہ مشہور کر دیا کہ ڈی ایس پی سرائے نورنگ نے خواتین پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اور اگر کوئی خاتون بازار میں آئی تو اس کے خلاف پرچہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈی پی او عمر ریاض نیواضح کیا کہ پولیس نے سرائے نورنگ میں خواتین کے بازاروں میں آنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔ جب کہ ڈی ایس پی سرائے نورنگ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے اور حکام بالا کو واقعے کی تحقیقات کرانے کے لیے چٹھی بھی لکھ دی گئی ہے۔