Time 26 فروری ، 2018
کھیل

کوشش ہے کہ دنیا کا بہترین آل راؤنڈر بنوں، شاداب خان


قومی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی شاداب خان نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ دنیا کا بہترین آل راؤنڈر بنوں اور تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کروں۔

جیو نیو ز کو انٹرویو دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسٹار آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ جب پچھلے سال پی ایس ایل میں آیا تو کوئی مجھے جانتا بھی نہیں تھا لیکن اس سال دنیا میں میرا نام چل رہا ہے، پی ایس ایل نہ کھیلتا تو فرسٹ کلاس میں پرفارم کر کے ٹیم میں جگہ بنانی پڑتی۔

شاداب خان نے بتایا کہ جب اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے منتخب ہوا تو اپنے دوست کو کہا کہ میرے پاس بہترین موقع ہے اور میں اچھا پرفارم کر کے پاکستان کے لیے کھیلوں گا۔

نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنے پیغام میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک انٹرنیشنل پلیٹ فام ہے کیونکہ اس میں ورلڈ کلاس پلیئرز آئے ہوتے ہیں ، جب آپ اچھا پرفارم کر رہے ہوتے ہیں تو آپ کا اعتماد بڑھتا ہے اور آپ کو خود پتہ چلتا ہے کہ آپ کتنے اچھے کھلاڑی ہیں۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے باعث ایک سال کے دوران زمین سے آسمان پر آگیا ہوں لیکن میری پہلی ترجیح ہوتی ہے کہ میں پاکستان کے لیے اچھا کروں کیونکہ یہ ہمارا ملک ہے اور اس کے لیے جتنا اچھا ہو سکے ہمیں پرفارم کرنا چاہیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی جیتنا یادگار لمحہ تھا اور اس کے بعد انگلیڈ کے کپتان جوئے روٹ کی وکٹ ایک یادگار لمحہ ہے۔

قومی ٹیم کے لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ چار روزہ کرکٹ کھیل کر ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ بناؤں اور اس حوالے سے کاؤنٹی کرکٹ سے بھی بات چل رہی ہے، کوشش ہے کہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے لیے کھیلوں۔

مزید خبریں :