26 فروری ، 2018
قومی ٹیم کے لیفٹ آرم آل راؤنڈر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان کھلاڑی فہیم اشرف نے کہا ہے کہ پی ایس میں اپنی ٹیم کو سب سے اوپر رکھنا ہمارا ٹارگٹ ہے۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ ابھی تک تو میرے اور میری ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پی ایس ایل کا تیسرا سیزن اچھا جا رہا ہے، ہم دو میچز میں سے ایک جیتے ہیں اور ایک ہارے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں ٹیم کمبی بینش نہیں بن پایا تھا لیکن دوسرے میچ میں سب نے دیکھا کہ ہم کس طرح سے کھیلے اور تمام کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔
فہیم اشرف نے کہا کہ امید ہے کہ ہماری ٹیم آخری میچ کی طرح پورے ٹورنامنٹ میں پرفارم کرے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ جب آپ بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرتے ہیں تو آپ کا اعتماد بڑھتا ہے کیونکہ جب نوجوان کھلاڑی تجربہ کار کھلاڑیوں کی باتیں سنتے ہیں اور ان کے ساتھ کھیلتے ہیں تو ایسے ہی کھیلنے لگتے ہیں جیسے آپ اپنے کلب کی طرف سے کھیل رہے ہوتے ہیں۔
اسلام یونائیٹڈ کے مینٹور وقار یونس کے حوالے سے فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ وقار بھائی ہر وقت یہی کہتے ہیں کہ اپنی قابلیت پر پورا یقین رکھیں اور یہ کبھی مت سوچیں کہ آپ یہ نہیں کر سکتے ، آپ کر سکتے ہیں تو اسی لیے پی ایس ایل میں کھیل رہے ہیں۔
پی ایس ایل سے ہمیں اعتماد مل رہا ہے، ادھرکھیل کر ہمیں یہ سیکھنے کا موقع ملتا ہے کہ آگے چل کر انہی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا ہوتا ہے ، اس ٹورنامنٹ سے ہمیں انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے میں فائدہ ہوتا ہے۔
فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کا ٹارگٹ ہوتا ہے کہ وہ بہترین کھلاڑی یا بہترین آل راؤنڈر بنے لیکن ابھی ہمارا ہدف ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کو سب سے اوپر رکھنا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس میچ میں فہیم اشرف نے دو وکٹیں لینے کے ساتھ بیٹنگ میں ففٹی بھی اسکور کی تھی۔
دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دیکر مخالف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔