Time 28 فروری ، 2018
پاکستان

توہین عدالت میں سزا پانے والے نہال ہاشمی اڈیالہ جیل سے رہا


توہین عدالت کیس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر ہاشمی اڈیالہ جیل سے رہا ہو گئے۔

رہائی کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ مجھے ایک ماہ کی قید ہوئی تو اسی دن میں نے اپیل کی لیکن ایک ماہ گزرجانے کے باوجود میرے کیس کی سماعت نہیں ہوئی، یہ میرے ساتھ انصاف ہوا یا انتقام کا نشانہ بیایا گیا۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ میری بات کسی منافق کو نہیں سننی چاہیے، کوئی ایسا شہری میری بات نہ سنے جو پاکستان کے کسی عہدے کو اپنی ذات کے لیے استعمال کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری بات پاکستان کے وہ 22 کروڑ لوگ سنیں جو اس ملک میں اللہ کا قانون چاہتے ہیں، جو پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ لوگ میری بات سنیں اس ملک میں جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالا دستی اور ووٹ کا تقدس چاہتے ہیں۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں نے کب کسی کو برا بھلا کہا،کب چاچا بابا رحمتے کا نام لیا ، کب عدالت کو برا بھلا کہا، میں نے اس وقت بھی کہا تھا اور آج بھی کہتا ہوں کہ جتنے سازشی بیٹھے ہیں ان کے ہاتھ میں ہمیں جیل بھجوانا تو ہو سکتا ہے، گولی مارنا تو ہو سکتا اور جان لینا تو ہو سکتا ہے لیکن عز ت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، آج میرے رب نے مجھے عزت دار بنا دیا اور کس کو کیا بنا دیا اس کا فیصلہ قوم کرے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے وفاقی احتساب بیورو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سب سے کرپٹ ادارہ نیب ہے، ان کے ڈائریکٹر ہوں یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہوں ان کے گھروں پر چھاپہ ماریں تو پاکستان کی آدھی دولت وہاں سے ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کل بھی کہا تھا اور آج بھی کہتا ہوں کہ پاکستان سے محبت، جمہوریت سے محبت اور نواز شریف کی قیادت کے نیچے کام کرنے سے اللہ ہی روک سکتا ہے کوئی بندہ نہیں روک سکتا۔

بعد ازاں راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ مجھ سے سینیٹر شپ چھین لی گئی لیکن سینیٹر شپ کھو کر بہت کچھ پالیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کی خوشیاں چھین رہے ہیں اللہ ان کو ہدایت عطا فرمائے جب کہ سوشل میڈیا پر میرے کیس کو جس طرح اجاگر کیا (ن) لیگ سوشل میڈیا ٹیم کا شکر گزار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سزا مجھے نہیں نوازشریف، 22 کروڑ عوام اور سی پیک کے حامیوں کو دی گئی اور نوازشریف ڈرنے بکنے والا نہیں ہے جب کہ نواز شریف کے ساتھ ہوں اور رہوں گا۔

نہال ہاشمی نے کہا کہ یہ بابا رحمتے کہاں سے آگیا؟ اور یہ جناح کا پاکستان ہے بابا رحمتے کا پاکستان نہیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے یکم فروری کو نہال ہاشمی کو توہین عدالت کیس میں ایک ماہ کی قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

مزید خبریں :