Time 03 مارچ ، 2018
کھیل

پی ایس ایل ملکی کرکٹ کے لیے فخر کا باعث ہے، فخر عالم

پاکستان کے معروف گلوکار فخر عالم نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ملکی کرکٹ کے لیے فخر کا باعث ہے جہاں سے ہمیں کئی اچھے کھلاڑی  مل رہے ہیں۔

پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن پوری رنگینیوں کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔

میگا ایونٹ میں شوبز ستارے بھی اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کو سپورٹ کرنے گراؤنڈز میں موجود ہوتے ہیں اور کئی مشہور اداکار اور اداکارائیں مختلف فرنچائز کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔

پاکستانی گلوکار بھی پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کو سپورٹ کرنے پہنچے ہیں اور اس موقع پر جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے فخر عالم کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے کرکٹ کا جنون بڑھ رہا ہے اور پاکستانی قوم کو ایسی ہے خوشگوار ایونٹس کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ملکی کرکٹ کے لیے فخر کا باعث ہے جہاں سے ہمیں کئی نام مل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے شوبز انڈسٹری میں بھی اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کے حوالے سے زبردست بحث و مباحثہ جاری ہے اور یہ سب پی ایس ایل کے اختتام پر ہی ختم ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں فخر عالم نے کہا کہ ہمارے نوجوان کرکٹرز کو سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کو مل رہا ہے اور اس سے وہ بہت کچھ سیکھ رہے ہیں جب کہ امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے مستقبل کے کھلاڑی ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کراچی میں کرانے کا کریڈٹ پی سی بی کو جاتا ہے کہ یہ ایونٹ کامیابی سے 3 سال سے منعقد ہورہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تین میچز پاکستان منتقل ہوگئے ہیں اللہ نے چاہا تو ایک دن پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہوگا۔ 

مزید خبریں :