03 مارچ ، 2018
سپریم کورٹ کے حکم پر نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے بینک اکاونٹ منجمد کر دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق راؤ انوار کے دو بینک اکاونٹ سامنے آئے ہیں جن کو منجمد کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی جائے گی۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ انوار کے دونوں بینک اکاونٹس سرکاری بینک میں ہیں جس میں ایک سیلری اکاونٹ تھا ور دوسرا ذاتی اکاونٹ ہے تاہم دونوں بینک اکاونٹس میں کوئی بڑی رقم موجود نہیں ہے۔
خیال رہے کہ نقیب اللہ قتل کیس میں معطل سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود تاحال مفرور ہیں اور عدالتی تحفظ کی ضمانت کے باوجود وہ سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوئے تھے۔