Time 04 مارچ ، 2018
پاکستان

کوشش کریں گے باقی جماعتوں کے ساتھ مل کر چیئرمین سینیٹ بنالیں، بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطہ کررہی ہے، ان کی کوشش ہے کہ دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر چیئرمین سینیٹ بنالیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت ن لیگ نہیں پیپلزپارٹی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پنجاب سے 11 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، ن لیگ خود کو سب سے بڑی جماعت سمجھتی ہے تو اپنا چیئرمین سینیٹ لا کر دکھائے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات میں توقعات سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہم نے اچھے امیدوار کھڑے کیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پارٹی کی اپنی کمزوریاں ہیں، اس کا ملبہ پی پی پی پر نہ ڈالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کوشش ہوگی کہ ایم کیو ایم کے بھی ووٹ حاصل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان نے تخت لاہور کی لڑائی میں پانچ سال ضائع کیے، عمران خان کو مشورہ دوں گا کارکنوں کو آگے لیکر آئیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق پی ٹی آئی کی کراچی میں پوزیشن کمزور ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :