10 مارچ ، 2018
دبئی: سابق آسٹریلوی کرکٹر اور پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ ٹام موڈی نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کرکٹ کا مستقبل قرار دے دیا۔
لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں ملتان کی شکست کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹام موڈی نے کہا کہ آنے والے وقت کے لیے شاہین آفریدی کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔
شاہین آفریدی نے ملتان کے خلاف میچ میں 3.4 اوورز میں محض 4 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ٹام موڈی نے کہا کہ ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ آج شاہین آفریدی کا اچھا دن تھا، ابتدائی تین میچز میں اسے مشکلات پیش آئیں تاہم آج کنڈیشنز بھی اس کے حق میں تھیں جس شاہین نے فائدہ اٹھایا‘‘۔
موڈی نے مزید کہا کہ ’’میرے نزدیک شاہین آفریدی میں کئی دلچسپ پہلو ہیں، ان کا قد لمبا ہے، گیند میں رفتار بھی جو وقت کے ساتھ بڑھے گی جبکہ ان میں بیٹنگ کی بھی چاہت ہے جو مجھے اچھی لگتی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ شاہین آفریدی پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہے جس کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے، اس عمر میں اسے جسمانی و ذہنی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن میرے نزدیک شاہین ایسا بولر ہے جس کی تربیت اور حفاظت کی جانی چاہیے۔
اپنی ٹیم کی شکست کے بارے میں بات کرتے ہوئے ٹام موڈی نے کہا کہ پہلے ہاف کے بعد میچ کا نقشہ مکمل طور پر تبدیل ہوگیا، انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ چونکہ ملتان سلطانز نے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی ہے اس لیے کھلاڑی مطمئن ہوگئے ہیں۔