Time 17 مارچ ، 2018
کھیل

ڈیرن سیمی نے پاکستان جانے کیلیے قائل کیا، آندرے فلیچر


پشاور زلمی کے جارح مزاج بلے باز آندرے فلیچر نے بھی پلے آف مرحلے کے لیے پاکستان جانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا پلے آف مرحلہ کل سے دبئی میں شروع ہو رہا ہے جس کے پہلے میچ میں اسلام آباد اور کراچی کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

دبئی میں پہلے پلے آف کے بعد پی ایل کے باقی میچز پاکستان منتقل ہو جائیں گے جہاں دو ایلیمینیٹر میچز لاہور میں ہوں گے اور پھر فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

لاہور میں ہونے والے پہلے ایلیمینیٹر میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی پی ایس ایل کی رونقوں کو چار چاند لگانے کے لیے بہت سے غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان آ رہے ہیں جن میں ایک نام ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے آندرے فلیچر کا بھی شامل ہے۔

آندرے فلیچر پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اب تک ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا چھکا لگانے کا اعزاز بھی فلیچر کو ہی حاصل ہے، انہوں نے 114 میٹر کا چھکا لگایا تھا۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے آندرے فلیچر کا کہنا تھا کہ پاکستان جانے سے متعلق فیصلے سے گھر والے تھوڑا پریشان تھے لیکن ڈیرن سیمی نے پاکستان کے حالات کی بہت تعریف کی اور ان کی بات پر بھروسہ کر کے پاکستان جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آندرے فلیچر کا کہنا تھا کہ پورا یقین ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی بہت اچھی ہو گی۔

پشاور زلمی کے ابتدائی بلے باز کا کہنا تھا کہ مجھے مصالحے والا کھانا پسند ہے اور پاکستان میں دیسی کھانا ضرور کھاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دفاعی چیمپئن ہیں اور زلمی کے فینز سے کہنا چاہتا ہوں کہ پریشان نہ ہوں ہم لاہور کا میچ جیت کر فائنل بھی جیتیں گے۔

مزید خبریں :