Time 19 مارچ ، 2018
کھیل

رونکی کی طوفافی اننگز، اسلام آباد پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی


دبئی: لیوک رونکی کی طوفانی اننگز کی بدولت پاکستان سپر لیگ تھری کے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا۔

اسلام آباد کی اننگز کے دوران لیوک رونکی نے ٹورنامنٹ کی تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی اور میچ کو 13ویں اوور میں ہی ختم کردیا۔

یہ پی ایس ایل کی تاریخ گیندوں کی اعتبار سے سب سے بڑی فتح تھی۔ اسلام آباد نے 45 گیندوں پہلے میچ کا اختتام کردیا گیا۔

اسلام آباد نے میچ میں پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین ٹیم سنچری بھی اسکور کی جو کہ 49 گیندوں پر پوری ہوئی۔










رونکی کی اننگز پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز نصف سنچری تھی۔ رونکی نے 19 گیند پر اپنی نصف سنچری اسکور کی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا جنہوں نے 22 گیندوں پر ففٹی اسکور کی تھی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ رونکی کے 56، 57 اور 63 رنز پر کیچز ڈراپ ہوئے۔

ساتویں اوور ملز کی گیند پر صاحبزادہ فرحان 18 گیندوں پر 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ 11ویں اوور میں ایلکس ہیلز عثمان شنواری کا شکار بنے تاہم تب تک میچ پوری طرح اسلام آباد کے حق میں آچکا تھا۔

کراچی کی جانب سے عثمان شنواری نے ایک جبکہ ٹائمل ملز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ۔

طوفانی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے پر لیوک رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


اس سے قبل کولن انگرام کی شاندار نصف سنچری کی بدولت نے اسلام آباد یونائیٹڈ نے 154 رنز بنائے۔

کراچی کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز خرم منظور تھے جو محمد سمیع کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسی اوور میں محمد سمیع نے بابر اعظم کو بھی چلتا کیا جو جارحانہ اسٹروک کھیلنا چاہتے تھے تاہم جے پی ڈومنی کو کیچ دے بیٹھے۔










تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کپتان اوئن مورگن تھے جو عماد بٹ کی گیند پر جے پی ڈومنی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد کولن انگرام اور جو ڈینلی کے درمیان 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے کراچی کے ابتدائی اوورز کے نقصان کا کسی حد تک ازالہ کیا۔

جو ڈینلی 51 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر ہٹ وکٹ ہوگئے۔

ڈینلی کے آؤٹ ہونے کے باوجود کولن انگرام نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور  6 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر کراچی کے مجموعے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔

طوفانی اننگز کھیلنے پر لیوک رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

منگل کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پہلا ایلیمینیٹر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان جانے والے غیرملکی کھلاڑی

پاکستان جانے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کرکٹرز میں جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی، انگلینڈ کے سمت پٹیل، نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی اور ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری شامل ہیں تاہم انگلینڈ کے الیکس ہیلز، اسٹیون فن اور سیم بلنگز  کی پاکستان میں کھیلنے سے متعلق شرکت مشکوک ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز غیر ملکی کرکٹرز کے پاکستان نہ جانے سے سب سے زیادہ متاثر ہوگی کیوں کہ اس کی ٹیم کے بڑے نام کیون پیٹرسن اور رائلے روسو پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

کراچی کنگز کی قیادت کرنے والے انگلینڈ کے کپتان این مورگن نے بھی پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ٹائمل ملز، روی بوپارا، کالن انگرام، جو ڈینلی اور لینڈل سمنز پاکستان جانے والوں میں شامل ہیں۔

پشاور زلمی کے تمام ہی غیرملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلتے دکھائی دیں گے جن میں کپتان ڈیرسن سیمی، لائم ڈاسن، کرس جارڈن اور ڈیوائن اسمتھ شامل ہیں۔

مزید خبریں :