کھیل

آفریدی کی اپنے شہر کراچی میں پی ایس ایل فائنل کھیلنے کی خواہش پوری نہ ہوسکی

سابق کپتان شاہد خان آفریدی—۔فائل فوٹو

لاہور: کراچی کنگز کے اسٹار پلیئر شاہد آفریدی پشاور زلمی کے خلاف اہم ترین ایلیمنیٹر میچ سے باہر ہوگئے۔

کراچی کنگز کے ترجمان کے مطابق شاہد آفریدی گھٹنے کی انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے جب کہ مختار احمد، ذوالفقار بابر اور دانش عزیز نے ٹیم کو  جوائن کرلیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ اپنے شہر کراچی میں پی ایس ایل فائنل کھیل کر اپنے پرستاروں کے سامنے آخری بار ایکشن میں آنا چاہتے ہیں۔

لیکن ان کی ہوم گراؤنڈ کراچی میں آخری بار کھیلنے کی خواہش پوری نہیں ہوسکے گی اور وہ شدید ترین فٹنس کے مسائل کی وجہ سے پی ایس ایل میں مزید شرکت نہیں کرسکیں گے۔

اس حوالے سے شاہد آفریدی نے ایک ٹوئٹ بھی کی جس میں انہوں نے آج کے میچ کا حصہ نہ بننے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ گزشتہ سال بھی وہ انجری کی وجہ سے لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل نہیں کھیل سکے تھے۔ 

شاہد آفریدی نے کراچی کنگز کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ ایک اور سنسنی سے بھرپور میچ ہوگا جس میں کراچی کنگز کو کامیابی ملے گی۔

شاہد آفریدی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں بھی گھٹنے میں انجکشن لگا کر شرکت کی تھی لیکن میچ کے دوران وہ شدید تکلیف میں مبتلا رہے۔

شاہد آفریدی کی جگہ جارح مزاج اوپنر مختار احمد کو آج کے میچ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جب کہ ٹیم مینجمنٹ نے اسپنر ذوالفقار بابر اور نوجوان بیٹسمین دانش عزیز کو بھی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

دانش عزیز ایمرجنگ کیٹیگری میں مشتاق کلہوڑو کی جگہ شامل ہوئے ہیں جب کہ ذوالفقار بابر نے گذشتہ دو سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی لیکن اس سال انہیں کسی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :