کاروبار
Time 27 مارچ ، 2018

شنگھائی الیکٹرک نے کے-الیکٹرک کی خریداری کیلئے نئی پیشکش کر دی

چین کی کمپنی شنگھائی الیکٹرک پاور کی کے الیکٹرک کی خریداری میں دلچسپی برقرار ہے اور اس نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دوبارہ کے الیکٹرک کی خریداری کی پیش کش جمع کرای ہے۔

شنگھائی الیکٹرک پاور کے پاکستان میں منیجر عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق کے الیکٹرک کی خریداری کی پیش کش کی 26 مارچ آخری تاریخ گزرنے سے پہلے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دی جانے والی پیش کش واپس لے لی ہے۔

ڈیل منیجر کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے 66 اعشاریہ چار فیصد شیئرز کی خریداری کی نئی پیش کش 27مارچ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دے دی گئی ہے۔

شنگائی الیکٹرک پاور نے کے الیکٹرک کے 18 ارب 33 کروڑ شیئر کی خریداری کےلیے ایک ارب 77 کروڑ ڈالر کی پیش کش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق شنگھائی الیکٹرک پاور کے وفد کی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے پیر کو اسلام آباد میں ملاقات بھی ہوئی ہے۔ وفد کی سربراہی شنگھائی الیکٹرک پاور کے چئیرمین وانگ یونگ نے کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ شنگھائی الیکٹرک پاور نے کے الیکٹرک کی خریداری کے معاملے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلیے تعاون طلب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے کے الیکٹرک کے معاملے پر ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے شنگھائی الیکٹرک پاور کو بھی تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :