27 مارچ ، 2018
چکرا گوٹھ کورنگی میں پولیس کی بس پر فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے درجنوں واقعات میں انتہائی مطلوب ملزم رئیس الدین عرف مما پولیس کی گرفت میں آگیا۔
ملزم کو ریڈ وارنٹ کے تحت انٹرپول نے ملائیشیا سے گرفتار کیا تھا جسے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 20 روز کے جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے سابق سیکٹر انچارج سے تفتیش کے لیے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی نے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کردی ہے۔
ملائیشیا سے گرفتار ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما کو زمان ٹاؤن اور کورنگی تھانوں میں قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج 12مقدمات میں حراست میں لیا گیا ہے۔
حکام بتاتے ہیں کہ رئیس مما سانحہ چکرا گوٹھ، سانحہ 12 مئی، کراچی آپریشن کے اہم کردار ایس پی شاہ محمد سمیت پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، سیاسی، لسانی اور فرقہ ورانہ بنیادوں پر کی جانے والی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ چائنا کٹنگ میں بھی ملوث ہے۔
ملزم کے خلاف اب تک مجموعی طور پر 16 مقدمات کا ریکارڈ مل چکا ہے جن میں ابراہیم حیدری اور کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانوں کے مقدمات شامل ہیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس کے خلاف مزید مقدمات کی تفصیلات کے لیے رینجرز اور سندھ بھر کی پولیس کوبھی خط لکھ دیا گیا ہے۔
اس سے قبل کورنگی پولیس نے رئیس عرف مما کوغیر قانونی اسلحے اور بارودی مواد کیس میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا،عدالت نے ملزم کو 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تفتیسشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کونائن زیرو میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کے کیس میں بھی گرفتارکرنا ہے۔