23 جولائی ، 2012
اسلام آباد … جعلی پاسپورٹ اسکینڈل پر کارروائی کرتے ہوئے مشیر داخلہ رحمان ملک نے ملوث نادرا اور پاسپورٹ ملازمین کی گرفتاری کا حکم دیدیا جبکہ چیئرمین نادرا نے لاہور آفس میں تعینات 8 ملازمین کو معطل کردیا۔ سینئر مشیر داخلہ رحمان ملک کا اسکینڈل میں ملوث نادرا اور پاسپورٹ ملازمین کی گرفتاری کا حکم دے دیا جبکہ ٹریولنگ ایجنسی کیخلاف بھی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ رحمان ملک نے عابد چوہدری کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔چیئرمین نادرا نے غیر ملکی اخبار کی جانب سے پاکستان میں جعلی شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق خبر شائع ہونے کے بعد چیئرمین نادرا نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور آفس میں تعینات 8 ملازمین کو معطل کردیا ہے۔ چیئرمین نادرا کے مطابق معطل کئے گئے اہلکاروں میں ڈیٹا انٹری آپریٹر، فوٹو گرافر اور دیگر ملازمین شامل ہیں۔ چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا ہے کہ جعلی پاسپورٹ اسکینڈل کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور اسکینڈل میں کوئی افسر ملوث ہوا تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب جعلی پاسپورٹ اسکینڈل پر ٹریول ایجنٹس ایسو سی ایشن نے بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئرمین ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن یحییٰ پولانی کا کہنا ہے کہ ڈریم لینڈ ٹریول ایجنسی کی رکنیت ختم کردی جائے گی ، غیر پیشہ ور افراد ٹریول ٹریڈ کو بدنام کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ غیر ملکی اخبار نے پاکستان نے جعلی پاسپورٹ، شناختی کارڈ بننے کے اسکینڈل کا انکشاف کیا تھا ۔