23 جولائی ، 2012
کراچی … صدر آصف علی زرداری نے لیاری سمیت کراچی میں عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ بات بلاول ہاوٴس کراچی میں لیاری ڈیولپمنٹ پیکیج کے جائزہ اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراء پیر مظہر الحق، آغا سراج درانی، مراد علی شاہ اور ایاز سومرو سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت کو بتایا گیا کہ لیاری کے بیشتر علاقوں میں پانی کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرانی لائنوں کو تبدیل کر دیا گیا ہے، اور 6 آر او Reverse Osmosis Plants, پلانٹس میں سے 2 کی تنصیب کر دی گئی ہے، تمام آر او پلانٹس لگنے سے 3 لاکھ افراد کو فائدہ حاصل ہو گا۔ جبکہ سیوریج لائنوں کی بہتر سمیت تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لیاری میں کھیلوں اور تفریح کے فروغ کیلئے پارکوں اور گراوٴنڈز کی بہتری کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔