07 اپریل ، 2018
وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم پر توقع سے زیادہ مثبت رسپانس آیا ہے جس پر تنقید بلا جواز ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حیرت ہے ماضی میں ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے عمران خان اس کی مخالفت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم پر توقع سے زیادہ مثبت رسپانس آیا ہے جس پر تنقید بلا جواز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانا چاہتے ہیں اور 30 مئی سے پہلے ان 20 لاکھ افراد کی فہرست دیتے جائیں گے جو ٹیکس دینے کے قابل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم نے 5 نکاتی ٹیکس اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے اثاثے بیرون ملک ہیں وہ دو فیصد جرمانہ اد کر کے ٹیکس ایمنسٹی سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں جب کہ ڈالر اکاؤنٹ پر 5 فیصد ٹیکس ادا کرکے اسے رکھا جا سکتا ہے۔
وزیر اعظم کی ایمنسٹی اسکیم کو پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے مسترد کردیا تھا۔