فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا ایمنسٹی اسکیم پر تحفظات کا اظہار

ایف اے ٹی ایف کی جانب سے وزارت خزانہ کو خط لکھا گیا ہے: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے وزارت خزانہ کو خط لکھ کر ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے وزارت خزانہ کو لکھے گئے خط میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی فائنانسنگ جیسے معاملات پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کو آئندہ ماہ ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ سے بچنے کے لیے اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات پر مبنی ٹھوس منصوبہ پیش کرنا ہے۔

مشیر خزانہ کی جیونیوز سے گفتگو

اس حوالے سے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوئی ہے، ٹاسک فورس چاہتی ہے کہ ایمنسٹی اسکیم میں ان کے طے شدہ اصولوں پر عمل ہو اور عالمی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔ 

مفتاح اسماعیل کے مطابق ٹاسک فورس نے زور دیا ہے کہ اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے فائنانسگ جیسے معاملات پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔ 

مشیر خزانہ کا کہنا تھاکہ پاکستان ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر تمام تر عالمی اینٹی منی لانڈرنگ کے قوانین کے تحت آگے بڑھ رہا ہے۔

مفتاح اسماعیل کے مطابق ابھی فنانشل ٹاسک فورس کے خط کا جواب نہیں دیا ہے۔

واضح رہےکہ حکومت کی جانب سے ٹیکس کی شرح کم کرنے اور بیرون ممالک اثاثے رکھنے والے افراد کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :