04 فروری ، 2012
واشنگٹن … افغانستان میں طالبان کے رہنما ملا عمر کی جانب سے امریکی صدر بارک اوباما کے نام مذاکرات کیلیے ایک خط لکھے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملا عمر نے صدر بارک اوباما کو گذشتہ سال جولائی میں ایک مراسلہ تحریر کیا تھا ،جس میں افغانستان میں جنگ بندی کے معاملے پر بات چیت میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا تھا۔ خط دیکھنے والے اسے اصلی قرار دیتے ہیں لیکن امریکی انتظامیہ نے خط کی تصدیق سے گریز کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کا فیصلہ نہیں کرسکتے کہ یہ خط ملا عمر کی جانب سے آیا ہے۔ ملا عمر کے نام سے اس غیردستخط شدہ خط کو جولائی میں طالبان کے ایک رابطہ کار نے پہنچایا تھا۔ امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خط اور اس کے مندرجات حساس سفارت کاری کی ذیل میں آتے ہیں۔