Time 08 اپریل ، 2018
کھیل

اہم سیریز سے قبل پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

آصف علی، حسین طلعت، شاہین شاہ آفریدی اور صاحبزادہ فرحان کو بھی فٹنس ٹیسٹ کے لئے بلایا گیا ہے— فوٹو: فائل 

اہم کرکٹ سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں 9 اپریل سے 2 روز جاری رہے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز اور آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ کھیلنا ہے جب کہ اس اہم سیریز سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس جانچی جائے گی۔

قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ کل سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہوگا جہاں مختلف گروپس میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے۔

فٹنس ٹیسٹ کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو بلایا گیا ہے تاہم فٹنس مسائل سے دوچار یاسر شاہ، سہیل خان اور عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ نہیں دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ گزشتہ ہفتے کولہے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں، ان کی انجری کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد  ہی ان کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ ہوگا۔

آصف علی، حسین طلعت، شاہین شاہ آفریدی اور صاحبزادہ فرحان کو بھی فٹنس ٹیسٹ کے لئے بلایا گیا ہے جب کہ فواد عالم کی فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا لیکن ان کا ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے کا امکان نہیں ہے۔

ٹیسٹ ٹیم کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان فٹنس ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا اور ممکنہ کھلاڑی کیمپ میں شریک ہوں گے  جہاں کیمپ کے دوران ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 17 کھلاڑیوں کے ناموں کی تجویز دی ہے جب کہ وہاب ریاض کا ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل ہے۔

راحت علی کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے جب کہ یاسر شاہ کے ان فٹ ہونے کے باعث شاداب خان کے ساتھ کاشف بھٹی کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :