پاکستان
24 جولائی ، 2012

کشمور:بیوہ بھابھی سے شادی، جرگہ نے جوڑے کو الگ کرکے لڑکے کو سزا سنادی

کشمور:بیوہ بھابھی سے شادی، جرگہ نے جوڑے کو الگ کرکے لڑکے کو سزا سنادی

کشمور…کشمور میں ایک شخص نے اپنی بھابی کو بیوہ ہوجانے کے بعد اس کی مرضی سے اپنے نکاح میں لیا، لڑکی کے اہل خانہ نے رشتے پر اعتراض کرتے ہوئے جرگہ بلایا ، جرگے نے شادی کرنے والے جوڑے کو الگ کرتے ہوئے لڑکے کو کڑی سزائیں سنادیں۔ پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔ کشمور کے علاقے کندھکوٹ میں شیخ برادری کے سربراہ فتح محمد شیخ کی سربراہی میں جرگا منعقد ہوا،جس کو بلانے کا مقصد وہ شادی تھی جو گلزار شیخ نے فیض بانو سے کی۔ فیض بانو گلزار شیخ کی بھابی تھی جسے 6 ماہ قبل بیوہ ہوجانے کے بعد گلزار شیخ نے اس کی مرضی سے اپنے نکاح میں لے لیا تھا، نکاح پر فیض بانو کے ورثا کو اعتراض تھا۔ جرگے نے فیصلہ سناتے ہو ئے دونوں کو الگ کردیا جائے اور لڑکے کو سخت سزائیں بھی سنائیں جس میں ''لڑکا اپنے قریبی رشتے دار کی دو بچیاں ونی کریگا''دوسری سزا'' دولاکھ روپے جرمانہ ادا کرے''اور تیسری سزا ، جرگے نے لڑکے کو شہر بدر ہونے کا بھی حکم دیا۔لڑکا اس ظلم کے خلاف پریس کلب پہنچا جہاں اس نے میڈیا کو تمام حقائق سے آگاہ کیا۔ خبر نشر ہونے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی۔ ایس ایس پی کشمور عمر سلامت نے جرگے کے شرکاکو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اس وقت شادی کرنے والا جوڑا پولیس کی حفاظتی تحویل میں ہے۔ دونوں کو کل سول جج کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں :