24 اپریل ، 2018
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے کپتان سرفراز احمد کو خبردار کیا ہے کہ دورہ انگلینڈ آسان نہیں ہوا۔
پاکستان کی 16 ارکان پر مشتمل کرکٹ ٹیم آئرلینڈ میں ایک اور انگلینڈ میں دو ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کھیلنے لندن پہنچ چکی ہے۔
5 ٹیسٹ اور 22 ون ڈے میچوں میں ٹیم پاکستان کی قیادت کے فرائض انجام دینے والے سابق ٹیسٹ اوپنر رمیز راجا کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ بطور کپتان اور کھلاڑی سرفراز احمد کے لئے انتہائی مشکل ہو گا۔
سابق ٹیسٹ اوپنر نے کہا کہ جب آپ پانچ ایسے بلے بازوں کے ساتھ پہلی بار انگلینڈ کا دورہ کر رہے ہوں جو کبھی وہاں نہ کھیلے ہوں تو اسے خطرناک ہی کہا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگلش کنڈیشز میں پاکستان کی بولنگ کا بھی توقعات پر پورا اترنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔
رمیز راجا کا خیال ہے کہ بطور کپتان سرفراز احمد کو سلیکشن کے معاملے میں مستقل مزاجی دکھا نا ہوگی، کنڈیشنز کے حساب سے کھلاڑیوں کو منتخب کرتے ہوئے ایسے کھلاڑیوں پر نظر رکھنا ہوگی جو انہیں طویل عرصے تک خدمات پیش کر سکیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ بطور کپتان وکٹ کیپر کو اپنا دماغ بدلنا ہوگا، درست ہے کہ ٹی 20اور ون ڈے کر کٹ میں انہیں تواتر کے ساتھ کامیابیاں مل رہی ہیں لیکن ٹیسٹ فارمیٹ میں ابھی انہیں خود کو ثابت کرنے کے لئے بہت کچھ کرنا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام "اسکور" میں گفتگو کرتے ہوئے معروف کر کٹ تجزیہ کار نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سرفراز احمد کو سیشنز کے حساب سے حکمت عملی مرتب کر نا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کبھی ٹیم اچھا نہ کرے تو دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں، بالخصوص اپنی پرفارمینس کو اٹھا کر رکھنا ہوگا کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کپتان کی عزت ہو گی ،تو ٹیم تب ہی کھٹری ہو سکے گی۔
رمیز راجا نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ آسان نہیں ہوگا تاہم اگر سرفراز کی قیادت میں ٹیم عمدہ کارکردگی کے مظاہرے میں کامیاب رہی تو پھر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔