وزیراعظم آج مسلسل دوسرے روز بجٹ پر بریفنگ لیکر اہم فیصلے کریں گے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج دوسرے روز بھی بجٹ پر بریفنگ لے کر اہم فیصلے کریں گے۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 5 ہزار 500 ارب رکھا گیا ہے جس میں ترقیاتی بجٹ کا حجم ایک ہزار تین ارب روپے ہوگا۔

مالی سال 19-2018 کے بجٹ کے لئے ریگولیٹری ڈیوٹی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صرف مقامی مینوفیکچرنگ میں استعمال درآمدی میٹریل پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم ہوگی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج ایف بی آر کے صوابدیدی اختیارات کم کرنے کے لیے بھی فیصلے کریں گے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں سرمایہ کاری کے لیے مراعات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ کارپوریٹ ٹیکس گزشتہ پانچ برس میں 5 فیصد کم کیا گیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ کارپوریٹ ٹیکس ہر سال ایک فیصد کم کیا جاتا رہا ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے دوران ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے جب کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ ٹیکس فری ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر فوکس ہے۔

مزید خبریں :