12 مئی ایم کیوایم کے خلاف سازش تھی، فاروق ستار

12 مئی سانحے سے کسی کا فائدہ نہیں ہوا، سب کا نقصان ہوا، فاروق ستار — فوٹو: فائل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے 12 مئی کا ملبہ ایم کیو ایم پر ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

پی آئی بی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کی تاریخ میں 12 مئی سیاہ دن تھا جس نے بہت تلخ یادیں چھوڑیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ 12 مئی کے سانحے میں 48 سے زائد افراد شہید ہوئے ، تمام سیاسی جماعتوں نے 12 مئی کا ملبہ ایم کیو ایم پر ڈالنے کی کوشش کی، 12 مئی کے سانحے سے کسی کا فائدہ نہیں سب کا نقصان ہوا۔

سانحہ 12 مئی کو جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں پی آئی بی کالونی میں فاروق ستار کی رہائش گاہ پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

 قرآن خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ ایم کیوایم پی آئی بی فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ 12 مئی ایم کیوایم کے خلاف سازش تھی، پیپلزپارٹی نے سانحے کے بعد لسانیت کو ہوا دی، سانحہ سے سب کا نقصان ہوا۔

پارٹی کے اندرونی اختلافات پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مشترکہ جلسے میں بڑے پن کا مظاہرہ کیا، عامر خان کے ساتھ کام نہ کرنے کی بات بھی واپس لے لی، اب عوامی جذبات سے بڑھ کر کوئی خود کو رہنما سمجھنا چاہے تو اس کی خام خیالی ہے۔

علاوہ ازیں رہنما ایم کیو ایم نے ہاکی اولمپیئن منصور احمد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ منصور احمد کی ہاکی کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

مزید خبریں :